خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 316 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 316

خطابات مریم 316 خطابات اس عہد کو پورا کیا اور آپ اپنے آخری سانس تک دین کی سر بلندی کے لئے کوشش کرتے رہے۔مسجد سپین جس کا افتتاح آپ کی وفات کے بعد ہوا آپ کی زندگی میں مکمل ہو کر افتتاح کے متعلق انتظامات ہو چکے تھے اسی طرح مغربی افریقہ کے ملک ٹوگو میں آپ کی وفات سے صرف تین دن قبل یعنی 6 جون کو پہلی مسجد کا افتتاح ہوا۔8 /نومبر 1965ء کو خلیفہ ہوتے ہی آپ نے اپنے رب سے قبولیت دعا کا نشان مانگا۔جس کا اظہار آپ نے اپنی خلافت کے پہلے خطبہ جمعہ میں 12 رنومبر 1965ء کو کیا۔آپ نے فرمایا:۔اللہ تعالیٰ مجھے توفیق دے کہ میں آپ کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرسکوں۔اللہ تعالیٰ مجھے توفیق دے کہ میں آپ کے دکھوں اور غموں کو اپنی دعاؤں سے دور کرسکوں میں تو انتخاب کے وقت سے ہی خاص طور پر یہ دعا کر رہا ہوں کہ اے خدا میری دعاؤں کو قبول کر۔چونکہ میں جانتا ہوں کہ آپ میں سے ہزاروں ایسے ہوں گے کہ چھوٹی یا بڑی تکلیف میں مجھے لکھیں گے اور کہیں گے کہ ہمارے لئے دعا کریں تو میری یہ دعا ہے کہ ایسے موقع پر میرا خدا مجھے شرمندہ نہ کرے بلکہ اس ذمہ داری کے نبھانے کے لئے قبولیت دعا کی جو ضرورت ہے وہ قبولیت دعا کا نشان مجھے عطا کرے۔اس لئے نہیں کہ میں اس ذریعہ سے دنیا کے مال و اسباب حاصل کرنا چاہتا ہوں بلکہ اس لئے کہ میں آپ کے دکھوں اور دردوں اور تکلیفوں کو دور کر سکوں اور آپ کی ترقیات کی جو خواہش میرے دل میں پیدا کی گئی ہے۔خدا تعالیٰ کے فضل سے اس کے سامان پیدا ہو جائیں اور خدا کرے ہمارا یہ قافلہ اسی اتحاد اور اتفاق کے ساتھ دنیا کے تمام ملکوں میں دنیا کے تمام شہروں اور ان شہروں کے ہر گلی کوچہ میں بڑھتا چلا جائے اور خدا تعالیٰ کا یہ منشاء پورا ہو کہ اسلام دنیا میں پھر غالب آ جائے گا۔(الفضل 18 نومبر 1965ء) زمین و آسمان گواہ ہیں کہ قبولیت دعا کے نشان کو پوری شان سے چمکتے ہوئے دنیا نے دیکھا اور اس سے بہرہ ور ہوئی۔