خطابات مریم (جلد دوم) — Page 48
خطابات مریم 48 ہمارا جلسہ سالانہ اور احمدی خواتین کا فرض تحریرات جلسہ سالانہ کی ابتداء حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ میں ہوئی اور خدا تعالیٰ کے فضل سے ہر سال کا جلسہ سالانہ پہلے سے زیادہ کامیاب ہوتا ہے۔جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والوں پر اللہ تعالیٰ کی بہت سی برکتوں کا نزول ہوتا ہے۔بدقسمت ہے وہ شخص جو جلسہ سالانہ پر آئے اور اُن کو حاصل نہ کر سکے جو نقائص ہر سال سامنے آتے ہیں ان کی روشنی میں اپنی بہنوں کو توجہ دلائی جائے خصوصاً عہدیداران لجنہ اماءاللہ کو کہ ہر شہر ہر قصبہ ہر گاؤں میں وہ بہنوں کو یہ ہدایات دیں۔1- جلسہ سالانہ پر آنے کی سب سے بڑی غرض حضرت خلیفتہ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب اور دیگر تقاریر کا سننا ہوتا ہے خواہ وہ مردانہ جلسہ گاہ سے ہو رہی ہوں یا زنانہ جلسہ گاہ میں عورتیں کر رہی ہوں بڑی محنت سے تقریریں تیار کی جاتی ہیں۔اس لئے تیار کی جاتی ہیں کہ عورتیں اور لڑکیاں انہیں سنیں۔ان کا علم بڑھے اور ان کی تربیت ہو اور وہ اپنی زندگیاں اس کے مطابق ڈھال سکیں۔اگر وہ توجہ سے ان تقاریر کو سنیں گی ہی نہیں تو عمل کیسے کریں گی۔پس اگر آپ نے جلسہ پر آنا ہے اور آپ کو ضرور آنا چاہئے معمولی بہانے آپ کو جلسہ پر آنے سے نہ روک سکیں تو یہ بھی عہد کر کے آئیں کہ ہم جلسہ سننے کی غرض سے جا رہے ہیں اور ہر قیمت پر توجہ سے جلسہ سنیں گے۔خواہ ٹکٹ سٹیج کا ہے یا نہیں۔خواہ حلقہ خاص یعنی کرسیوں کا ہے یا نہیں خواہ کسی جگہ سے مگر خود بھی جلسہ سنیں گے خاموش رہیں گے اور دوسروں کو بھی سننے دیں گے۔سٹیج اور حلقہ خاص کے لئے قوانین الفضل میں شائع کئے جا چکے ہیں۔اس کے مطابق جو ان معاہدوں پر پوری اُترتی ہو ہر شہر کی صدر ان کے نام بھجوا دے۔سٹیج کے بھی اور حلقہ خاص کے بھی وقت کم ہے۔نظارت اصلاح وارشاد سے منظوری کے بعد ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔ٹکٹ جس کی منظوری آ چکی ہوگی اُس نے خود آ کر لینا ہوگا۔ٹکٹ دوران جلسہ کسی کو نہیں ملے گا۔اس لئے اصرار بھی نہ کریں خواہ وہ کہیں سے بھی آئی ہوں۔اگر وہ اپنے آپ کو مستحق سمجھتی ہوں تو دو اجلاسوں کے درمیان لے سکتی ہیں۔