خطابات مریم (جلد اوّل)

by Other Authors

Page vii of 801

خطابات مریم (جلد اوّل) — Page vii

پیش لفظ خطابات مریم حضرت چھوٹی آپارتمھا اللہ تعالیٰ کی تقاریر وتحریرات کا مجموعہ ہے جو وقتا فوقتا الفضل، مصباح اور دیگر رسالہ جات میں شائع ہوتی رہیں۔مستورات کی تربیت کی خاطر حضرت چھوٹی آپا نے مختلف اوقات میں جلسوں اور اجتماعات پر تقاریر فرمائیں۔نیز بیرونی لجنات کو ان کے سالانہ اجتماعات اور جلسوں پر پیغامات بھی بھجوائے تا کہ انھیں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی جاسکے۔آپ کے مجموعہ تقاریر کی پہلی جلد پیش خدمت ہے جس میں ابتدا سے لے کر 1972 ء تک کی تقاریر شامل ہیں۔جو تقاریر مکمل دستیاب نہیں ہو سکیں ان کا خلاصہ شامل کیا گیا ہے اس مجموعہ کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔(1) تحریرات (2) خطابات (3) پیغامات (4) نصائح حضرت چھوٹی آپا کی شخصیت ، آپ کی نرم مزاجی، شفقت و محبت، عجز وانکسار کا عکس آپ کی تقاریر و تحریرات میں بھی خوب نظر آتا ہے۔سادہ اور سلیس زبان میں بیان کی گئی نصائح اور ہدایات پڑھنے والے کے دل میں اترتی محسوس ہوتی ہیں یہ نہیں لگتا کہ کوئی بات یا کوئی نصیحت آپ پر زبر دستی مسلط کی جارہی ہے۔بلکہ یوں معلوم ہوتا ہے کہ صحیح سمت کی طرف راہنمائی ہے جو انتہائی پیار اور درد بھرے انداز میں کی جارہی ہے۔ملت کا در داور اس کو ابھارنے کا عزم آپ کی نصائح میں جابجا پایا جاتا ہے۔پوری کوشش کی گئی ہے کہ اس مجموعہ میں الفضل، مصباح اور دوسرے رسالہ جات میں شائع شدہ ہر تقریر شامل ہو جائے لیکن اگر آپ کے علم میں ایسی تقریر یا پیغام آئے جو اس مجموعہ میں شامل ہونے سے رہ گیا ہے تو ضرور اطلاع دیں تا کہ اسے آئندہ ایڈیشن میں شامل کیا جاسکے۔