خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 725
725 خطاب ممبرات جلسه خانیوال ضلع ملتان 24 رمئی 1966ء کو حضرت سیدہ مریم صدیقہ صاحبہ صدر لجنہ مرکزیہ نے ممبرات سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا ! اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ کو امام الزمان حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر ایمان لانے کی سعادت نصیب ہوئی ہے۔آپ نے کسی نئے مذہب کو پیش نہیں کیا۔اسلام کے چہرہ کو روشن کرنے کے لئے حضرت مسیح پاک علیہ السلام تشریف لائے۔اعتقادی غلطیوں اور عملی بدعات کی اصلاح کرنا آپ کی بعثت کا مقصد ٹھہرا۔ہم خدا تعالیٰ کو اس کی تمام صفات کے ساتھ ازلی و ابدی مانتے ہیں۔ہمارا عقیدہ ہے کہ حضرت محمد خاتم النبین تھے لہذا اب آپ کی مہر تصدیق کے بغیر دنیا میں کوئی مصلح نہیں آسکتا۔قُلْ إِن كُنتُم تُحِبُّونَ اللهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللهُ (آل عمران : 32) کے ماتحت محمد رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کے بغیر کوئی کسی قسم کا روحانی درجہ نہیں پاسکتا۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت محمد مصطفی ﷺ کی غلامی کے طفیل ہی سب کچھ پایا ہے ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہمیں امام الزمان کے پہچاننے کی توفیق حاصل ہوئی لیکن حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر ایمان لا کر ہم پر بہت سی ذمہ داریاں عائد ہو جاتی ہیں۔اشاعت اسلام اور پابندی احکام اسلام کے علاوہ عورتوں پر تربیت اولاد کی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ماں بچے کے لئے شفیق استاد ہوتی ہے لہذا انہیں دین سے محبت کرنے والے، خدائے تعالیٰ اور اس کے رسول کے شیدائی بنا ئیں۔کسی کو اپنی زبان سے دکھ نہ دیں۔غیبت اور چغلی کے گناہ سے بچیں۔خیانت اور جھوٹ کے نزدیک نہ جائیں۔اگر ماؤں میں ذکر وفکر کی عادت ہو گی تو بچے بچپن ہی میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی محبت میں سرشار ہو جائیں گے۔ہماری جماعت کے ہر فرد کو عہد کرنا چاہئے کہ ہماری زندگیاں خدمت اسلام کے لئے وقف ہوں گی اور عملی طور پر سچا مسلمان بننا چاہئے تا دنیا والے رشک کریں اور ہمارے نمونہ کو دیکھ کر دنیا کی پیاسی روحیں حق و صداقت کی طرف لوٹ آئیں۔دعا کے بعد جلسہ برخاست ہوا۔الفضل 14 جون 1966 ء