خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 671
671 اس لئے میری عزیز بہنو! پوری توجہ قرآن مجید پڑھنے اور اس کا ترجمہ سیکھنے اور اپنے بچوں کو قرآن مجید پڑھانے کی طرف لگاؤ یہی ہمارا سب سے بڑا کام ہے۔اور قرآن سیکھنے سے ہی قیام شریعت کا مقصد پورا ہو سکتا ہے۔حضرت خلیفہ اسیح الثالث ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ڈیڑھ سال سے جماعت کے احباب کو اس طرف توجہ دلا رہے ہیں کہ کوئی ایک مرد، عورت ، لڑکا اور لڑکی ایسا نہیں رہنا چاہئے جو ناظرہ قرآن مجید نہ جانتا ہو۔اور ناظرہ قرآن مجید جاننے کے بعد ترجمہ سیکھنا اس کا فرض ہے۔آپ سب کے پیش نظر بھی سب سے بڑا کام یہی ہونا چاہئے کہ قرآن مجید کے انوار کو دنیا میں پھیلانے کے لئے اپنے امام اور خلیفہ کی دست باز و ثابت ہوں۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو اور مجھے بھی توفیق عطا فرمائے کہ ہم قرآن پڑھیں۔اور پڑھائیں اور اس کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کر سکیں۔خاکسار آپ کی بہن مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ 22-11-67