خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 666
666 ہی زندہ کتاب ہے۔آپ سب سے میری درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور دل کی گہرائیوں سے عاجزی و تضرع سے دعائیں کریں کہ اللہ تعالی اسلام کے اس جرنیل کو جو مغربی ممالک میں اسلام کا نام بلند کرنے کے لئے ہمیں غمگین چھوڑ کر گیا ہے قدم قدم پر فتح اور کامرانی نصیب فرمائے۔وہ توحید کا پرچم لہراتے ہوئے فتح اور کامرانی کا تاج پہنے ہوئے میدان کارزار سے پھر مرکز میں تشریف لائے اور یہاں پہنچ کر آپ کو دو ہری مسرت حاصل ہو۔ایک ان ممالک میں یلغار اور اس کے نتیجہ میں فتوحات ، دوسرے دفاعی مورچوں کی مضبوطی کو دیکھ کر کہ میری فوج کے سپاہی غلبہ اسلام کی خاطر میرے دائیں بھی لڑنے کو تیار ہیں بائیں بھی لڑنے کو تیار ہیں آگے بھی لڑنے کو تیار ہیں اور پیچھے بھی۔دعا کریں۔دعا کریں اور کرتے چلے جائیں تا اللہ تعالیٰ اپنے فضل واحسان سے اسلام کی فتوحات کے دروازے ہماری زندگیوں میں ہی کھول دے۔اور جو وعدے غلبہ اسلام کے اس نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے کئے تھے ان سب کو پورا ہوتے ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں۔اللہ تعالیٰ آپ سب کا بھی حافظ و ناصر ہو۔میری دلی دعائیں آپ سب کے ساتھ ہیں آپ خیریت سے اپنے گھروں کو جائیں اور آپ کی زندگی کا ہر لحہ اسلام کی خدمت میں بسر ہو۔آمین۔مریم صدیقہ الفضل 8 /اگست 1967ء