خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 304
304 اس خطر ناک وقت میں جبکہ موت سامنے نظر آتی تھی شجاعت کا اعلیٰ نمونہ دکھایا مگر ساتھ ہی اپنے محفوظ رہنے پر کہتے جاتے تھے میں نبی ہوں اور عبدالمطلب کا بیٹا کوئی یہ نہ سمجھ لے کہ میں مافوق البشر ہوں۔عفو اور رحم :۔عفو کا تو آپ ﷺ نے وہ شاندار اور بے نظیر نمونہ دکھایا جس کی مثال دنیا کی تاریخ پیش کرنے سے قاصر ہے وہ دشمن جنہوں نے آپ ﷺ کو ۲۳ سال دکھ دئے۔ظلم کی انتہا کر دی جب آپ غلبہ حاصل ہوا تو آپ ﷺ نے کہہ دیا جاؤ تم سب آزاد ہو تم سے کوئی باز پرس نہیں کی جائے گی۔غرضیکہ آپ ﷺ تَخَلَّفُوا بِأَخْلاقِ اللہ کا کامل نمونہ تھے آپ ﷺ صفات الہیہ کے کامل مظہر تھے۔آپ ﷺ نے اپنی زندگی میں ہی اللہ تعالیٰ کی تمام صفات کا نمونہ اپنی عملی زندگی کے ذریعہ دکھا دیا اور اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو اتنا بڑا درجہ عطا فر مایا کہ ساری دنیا کے لئے حکم فرمایا قُلْ إِن كُنتُم تُحِبُّونَ اللهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللهُ - (ال عمران: 32) اے محمد رسول اللہ ساری دنیا کو خدا تعالیٰ کے اس ارشاد سے آگاہ کر دیں کہ اگر اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل کرنا چاہتے ہو تو محمد رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کرو۔آپ ﷺ کے اخلاق اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کرو۔اللہ تعالیٰ بھی تم سے محبت کرے گا گویا محبت الہی کی شرط قیامت تک کے لئے اطاعت رسول لگادی۔نبی کریم ﷺ کے حلقہ اطاعت سے باہر رہ کر اب کوئی خدا تعالیٰ کی محبت حاصل نہیں کر سکتا۔اسی طرح اللہ تعالیٰ یہ بھی فرماتا ہے کہ لَكُمْ فِى رَسُولِ اللَّهِ أَسْوَةٌ حَسَنَةٌ (احزاب: 22) محمد رسول اللہ کے طور طریق اختیار کرو۔آپ ﷺ کے اخلاق سیکھو قرون اولیٰ کے مسلمانوں نے خدا تعالیٰ کے حکم پر عمل کیا اور اپنے آپ کو محمد رسول اللہ ﷺ کا نمونہ بنانے کی کوشش کی۔جو ملک فتح کیا وہاں دنیا کو درس اخلاق دیا ایک نئی تہذیب اور تمدن کی بنیاد ڈالی آج یورپین اقوام اخلاق اخلاق کا شور مچاتی ہیں اور ظاہر یہ کرتی ہیں کہ گویا اخلاق کی تعلیم دنیا ان سے حاصل کر رہی ہے۔انہوں نے یہ اخلاق کہاں سے سیکھے۔محمد رسول اللہ ﷺ کی بعثت کے وقت صرف دو قو میں کچھ تہذیب یافتہ تھیں۔ایک روم کی حکومت دوسری کسری کی لیکن وہ بھی عیش و عشرت میں پڑ کر سب تہذیب و اخلاق بھول چکی تھیں۔مسلمانوں نے فتوحات پر فتوحات کیں۔یونان روم سلی، سپین افریقہ ان سب ملکوں میں حکومتیں کیں اپنے اخلاق سے دنیا کو زیرنگیں کیا جس ملک کو فتح کر کے وہاں سے جاتے تھے وہاں کے لوگ ان کے لئے روتے تھے موجودہ مغربی اقوام نے مسلمانوں سے درس اخلاق لیا لیکن