خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 185
185 حضرت سیدہ اُم متین صاحبہ کا احمدی بہنوں سے خطاب (جنرل سیکرٹری لجنہ اماءاللہ مرکزیہ ) آنحضرت ﷺ کی بعثت ثانیہ جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے رنگ میں ہوئی اس کا سب سے بڑامشن تکمیل اشاعت ہے۔اس لئے احمدی قوم کا جو اس مشن کی اولین حامل ہے فرض ہے کہ اس جہت سے وہ تکمیل کے آخری نقطے پر پہنچ جائے۔اسی طرح ظاہری نگاہ سے بھی دیکھا جائے تو نظر آئے گا کہ موجودہ زمانہ میں قوم نہ ترقی کرسکتی ہے اور نہ زندہ ہی رہ سکتی ہے۔جب تک کہ اس کا مضبوط پر لیں نہ ہو۔ان حقائق کے پیش نظر خاص مستورات کے لئے سیدنا حضرت مصلح الموعود خلیفہ اسیح الثانی ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق رسالہ مصباح جاری ہے۔ظاہر ہے کہ لجنہ اماء اللہ اس وقت تک رسالہ کا ظاہری اور معنوی معیار بلند نہیں کر سکتی جب تک مستورات خود اپنے فرائض کو سمجھتے ہوئے رسالہ کی طرف کما حقہ توجہ نہیں کریں گی۔اس لئے میں اس اعلان کے ذریعے درخواست کرتی ہوں کہ آپ اپنے شہر اور حلقہ اثر میں جو ضروری نہیں کہ احمدی مستورات پر ہی مشتمل ہو۔غیر احمدی اور غیر مسلم خواتین بھی اس میں شامل ہو سکتی ہیں۔بہت جلد تحریک کر کے اور معلوم کر کے مطلع فرمانے کی تکلیف فرما ئیں کہ آپ کے حلقہ اثر میں کون کون بہنیں مصباح کی خریداری منظور فرماتی ہیں۔اور اس کا چندہ جو صرف 6 روپے سالانہ ہے۔6 روپے سالانہ چندہ بہت معمولی ہے اور خود آپ اور آپ کے زیر اثر گھرانوں میں اس پر چہ کا پہنچنا نہایت ضروری ہے۔علاوہ مذہبی۔علمی۔ادبی اور اخلاقی مضامین کے لجنہ اماءاللہ مرکزیہ کے ضروری اعلانات۔ماہانہ رپورٹ بیرون کی لجنات کی کارگزاری کی رپورٹ بھی اس رسالہ کے ذریعہ ہی آپ تک پہنچے گی۔میں امید کرتی ہوں کہ آپ کم از کم تین خریدار اپنے رسالہ مصباح کو دیں گی۔اور اس طرح ثواب دارین حاصل کرنے کا موجب بنیں گی۔نیز اپنے حلقہ اثر کی اہل قلم بہنوں کے پتوں سے بھی مجھے اطلاع دیں۔اور انہیں تحریک کریں کہ وہ وقتا فوقتا مصباح کی علمی اعانت کی طرف بھی توجہ کیا کریں۔اور مصباح میں چھپنے کے لئے مذہبی، علمی، ادبی، معاشرتی اور اخلاقی مضامین گھروں میں کام آنے والے مفید نسخے اور کشیدہ کاری وغیرہ کے اعلیٰ نمونے بھجوایا کریں۔مصباح اپریل 1952ء