کشمیر کی کہانی

by Other Authors

Page 141 of 351

کشمیر کی کہانی — Page 141

چھ ماہ برابر جاری رہا۔اس کیس میں بھی جموں کیس والی کیفیت ہوئی۔تمام ملزمان کو قتل ، ڈا کہ اور آتش زدگی کے الزامات سے بری قرار دیا گیا اور ریاست کی عزت بچانے کے لیے چار لیڈروں کو بلوہ کے جرم میں سوسور و پیہ جرمانہ کیا گیا اور تین چار کو معمولی سزا ہوئی۔فیصلہ سننے کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے۔انہوں نے اس فیصلہ پر بہت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بلند کئے اور کشمیر کمیٹی کے وکلاء کا شکریہ ادا کیا۔ہائی کورٹ میں اپیل کا کام پھر چودھری اسد اللہ خاں بیرسٹر لاہور کے سپرد ہوا۔اللہ تعالیٰ انہیں ان اپیلوں میں کامیابی دیتا رہا۔وکلاء کی خدمات کا ذکر پھر بھی آئے گا۔ان لوگوں نے بنی نوع انسان کی خدمت کسی دنیوی لالچ کے بغیر مسلسل جاری رکھی۔ایسی مثالیں آپ کو بہت کم ملیں گی۔یہاں میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ وکلاء نے قربانیاں کر کے اور اپنے آپ کو سخت مصیبت میں ڈال کر نہایت اخلاص اور جانفشانی کا ثبوت دیا۔ان میں سے ہر ایک کی خدمت کا تذکرہ سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے ان میں سے کوئی مجھے ایسے کم مایہ کی معلومات اور تذکرے سے باہر تو رہ سکتا ہے لیکن وہ جو مظلوموں کا حامی ہے اور جس کا وعدہ ہے کہ اُس کا فضل ہر اس انسان کے ہمیشہ شامل حال رہے گا جو مظلوم کو ظلم کے شکنجے سے چھڑانے کے لیے اٹھے مجھے یقین ہے اس کی نگاہ بندہ نواز سے کوئی ایسا مخلص ایثار پیشہ اوجھل نہیں رہ سکتا اور وہ ضرور اپنے نیک اعمال کی جزا پائے گا۔انہوں نے اہل کشمیر کی کشمیر کے کسی لیڈر سے کم خدمت نہیں کی۔اگر کشمیریوں کو ان وکلاء کی فیسیں ادا کرنا پڑتیں تو اُس وقت کے حساب سے دولاکھ روپے سے بھی کہیں زائد رقم بنتی تھی۔145