جنت کا دروازہ — Page 17
17 احترام والدین کا عالمی منشور اسلام ایک ایسا فطری مذہب ہے کہ اس نے والدین کی عزت کے معاملہ کو انسانی بنیاد پر عالمگیر بنا دیا ہے۔اور صرف اپنے والدین نہیں دوسروں کے والدین کی عزت کو بھی قائم کیا ہے اور چونکہ انسانوں کی بھاری اکثریت والدین بنتی ہے اس لئے در حقیقت اس حکم کے ذریعہ دین نے عالمی صلح و امن کے لئے عظیم الشان بنیاد میں قائم کر دی ہیں۔حضرت نبی اکرم ﷺ نے فرمایا۔ایک بہت بڑا گناہ ہے کہ آدمی اپنے والدین پر لعنت کرے۔حضور سے عرض کیا گیا کہ کوئی شخص اپنے والدین پر کس طرح لعنت کر سکتا ہے۔آپ نے فرمایا۔جب کوئی شخص دوسرے کے باپ کو گالی دیتا ہے تو وہ جواہا اس کے والد کو گالی دیتا ہے۔اور جب کوئی کسی کی ماں کو گالی دیتا ہے تو وہ جوابا اس کی ماں کو گالی دیتا ہے۔اس طرح آدمی اپنے ماں باپ کو گالی دینے والا بن جاتا ہے ) بخاری کتاب الادب باب لا يسب الرجل والده حديث 5516) اس حکم کی بنیاد اس حکم قرآنی پر ہے کہ مخالفین کے غیر اللہ معبودوں کو بھی برا بھلا نہ کہو ورنہ وہ دشمنی اور جہالت کی وجہ سے اللہ کو گالیاں دینی شروع کر دیں گے۔(انعام۔109) ان دونوں حکموں کے ذریعہ بھی توحید اور والدین کے حقوق کے باہمی گہرے رابطہ پر روشنی پڑتی ہے۔