جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف اور امتیازی عقائد — Page 7
جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف بسم الله الرحمن الرحيم تعارف قارئین کرام! آپ نے احمدیت کا نام ضرور سنا ہوگا۔یہ مسلمانوں کی ایک مشہور ، منظم اور فعال جماعت کا نام ہے جس کی بنیاد اللہ تعالیٰ کے حکم سے 23 مارچ 1889ء کو رکھی گئی۔اس جماعت کا دعوی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے یہی وہ جماعت ہے جس کا قرآن مجید میں رسول پاک ﷺ کے حوالہ سے ان الفاظ میں ذکر آیا ہے وَاخَرِيْنَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ (سورة الجمعه آیت 4) ترجمہ: اور انہی میں سے دوسروں کی طرف بھی (اسے مبعوث کیا ہے ) جو ابھی ان سے نہیں ملے۔اور جس کے بارہ میں رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ الفاظ استعمال فرمائے ہیں وَهِيَ الْجَمَاعَةُ (سنن ابن ماجہ کتاب الفتن باب افتراق الامته ) ترجمہ: اور یہ ایک (منظم) جماعت ہے۔اور جس کی نشانی یہ بیان فرمائی مَا اَنَا عَلَيْهِ وَاَصْحَابی (جامع صحیح ترمذی کتاب الایمان باب افتراق هذه الامة ) ترجمہ: وہ جماعت میرے اور میرے صحابہ کے نمونہ پر چلنے والی ہوگی۔