اسلام اور عصر حاضر کے مسائل کا حل

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 184 of 326

اسلام اور عصر حاضر کے مسائل کا حل — Page 184

تجربہ شاہد ہے کہ قمار خانے بالعموم مالی تباہی کا شکار نہیں ہوتے۔پس جوئے میں صرف چند لوگوں کے نفع کی خاطر لاکھوں لوگ تباہ و برباد ہو جاتے ہیں۔اپنی دولت لٹا کر انہیں صرف ایک ہیجانی لذت حاصل ہوتی ہے۔بازی جیتنے کی امید یا ہارنے کے خوف کے درمیان بے یقینی کی وہ ہیجانی کیفیت اس وقت دم توڑ دیتی ہے جب انہیں پتہ چلتا ہے کہ وہ ہار گئے ہیں۔اپنی ہاری ہوئی رقم واپس لینے کی موہوم سی امید لئے ہوئے وہ پھر اپنا مال داؤ پر لگاتے ہیں یہاں تک کہ ان کی پریشانی اور ذہنی دباؤ اس ہیجانی لذت سے بہت بڑھ جاتا ہے جو اس سارے کا روبار میں انہیں حاصل ہوئی تھی۔اس ناکامی کے نتیجہ میں وہ شدید غم و غصہ اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتے ہیں جو ان کی ذات تک ہی محدود نہیں رہتا بلکہ اس کا اظہار رشتہ داروں پر بھی ہونے لگتا ہے۔معاشرہ کے غریب طبقات میں افراد خانہ کی روز مرہ کی ضروریات تک جوئے کی نذر ہو جاتی ہیں۔قرآن کریم نے شراب نوشی اور جوئے کی ممانعت کا ذکر کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ یقیناً ان سے بعض جزوی فائدے اٹھائے جا سکتے ہیں۔مگر یہ بات طے شدہ ہے کہ ان کے نقصانات ان کے جزوی فوائد کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہیں۔يَسْتَلُوْنَكَ عَنِ الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ قُلْ فِيهِمَا إِثْم كَبِيرٌ وَ مَنَافِعُ لِلنَّاسِ وَ ه إِثْمُهُمَا أَكْبَرُ مِنْ نَّفْعِهِمَا وَ يَسْتَلُونَكَ مَاذَا يُنْفِقُونَ قُلِ الْعَفْوَ كَذَلِكَ يُبَيِّنُ الله لَكُمُ الْآيَتِ لَعَلَّكُمْ تَتَفَكَّرُونَ (سورة البقرة آیت ۲۲۰) ترجمہ۔وہ تجھ سے شراب اور جوئے کے متعلق سوال کرتے ہیں۔تو کہہ دے کہ ان دونوں میں بڑا گناہ (بھی) ہے اور لوگوں کے لئے فوائد بھی۔اور دونوں کا گناہ ( کا پہلو ) ان کے فائدہ سے بڑھ کر ہے۔اور وہ تجھ سے (یہ بھی) پوچھتے ہیں کہ وہ کیا خرچ کریں؟ ان سے کہہ دے کہ (ضروریات میں سے ) جو بھی بچتا ہے۔اسی طرح اللہ تمہارے لئے (اپنے) نشانات کھول کھول کر بیان کرتا ہے تا کہ تم تفکر کرو۔184