اسلام اور عصر حاضر کے مسائل کا حل — Page 201
جانے والا اقتصادی فرق یقیناً تکلیف دہ ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ فرق یورپ اور افریقہ کے مابین موجود ہے۔افریقہ کی سرزمین جغرافیائی اعتبار سے یورپ کے نزدیک ترین ہے مگر اقتصادی تفاوت کے لحاظ سے بعید ترین بھی ہے۔ایک وقت تھا کہ سپر طاقتوں کے مابین پائی جانے والی رقابتوں کی وجہ سے دنیا کے کمزور ممالک کو ایک طرح کا احساس تحفظ حاصل تھا لیکن اب صورت حال بدل چکی ہے۔سرد جنگ کے باعث غریب اقوام جو فوائد حاصل کر رہی تھیں برف پگھلنے کے ساتھ ساتھ ان کے امکانات کم سے کم تر ہوتے چلے جائیں گے۔تیسری دنیا کے ممالک کی تجارتی منڈیوں پر قبضہ کرنے اور ان پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے اور انہیں ہمیشہ اپنے قابو میں رکھنے کے لئے امریکہ روس اور یورپ کے ممالک کے درمیان پہلے سے کہیں بڑھ کر سخت مقابلہ ہونے والا ہے۔مستقبل میں صرف جاپان ہی امریکہ کا ایک اہم مد مقابل اور حریف نہیں ہو گا بلکہ یوروپین کمیونٹی European) (Community کی تیز رفتار ترقی کے باعث ایک نیا یورپ بھی منصہ شہود پر آ رہا ہے۔مشرقی یورپ کی اس وسیع تر مشترکہ مارکیٹ میں امکانی شرکت سے امریکہ کے لئے ان کا مقابلہ کرنا یورپ کے دوسرے حریف ممالک سے مقابلہ کی نسبت کہیں زیادہ مشکل ہو گا۔مشرقی یورپ اور روس کے کروڑوں لوگ اپنے معیار زندگی کو بلند کرنے کی شدید ضرورت محسوس کر رہے ہیں اور بے تابی سے اس کے تبدیل ہونے کے منتظر ہیں۔ان کی محدود اندرونی مارکیٹ ان تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہو گی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اور بھی زیادہ ناکافی ہوتی چلی جائے گی۔مشرقی یورپ اور روس میں بڑھتے ہوئے معیار زندگی کو سہارا دینے کے لئے بیرونی منڈیوں کی سخت ضرورت ہوگی جس کو یوروپین کمیونٹی امریکہ اور جاپان پوری کر سکتے 201