اسلام میں ارتداد کی سزا کی حقیقت

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 2 of 155

اسلام میں ارتداد کی سزا کی حقیقت — Page 2

2 ایک عمومی نظر عالم اسلام پر ڈالتے ہیں تو یہ دیکھ کر تجب ہوتا ہے کہ اسلام کے مخالفین سے تلوار کا جہا د حلال قرار دینے والے اور اسلام کے مخالفین کو بزور شمشیر مفتوح اور مغلوب کرنے والے مسلسل ایک دوسرے کا گلا کاٹ رہے ہیں اور عالم اسلام کی تلوار عالم اسلام ہی کے خلاف اٹھ رہی ہے اور عالم اسلام کے خنجر عالم اسلام ہی کے سینوں میں گھونپے جا رہے ہیں۔خواہ ایران اور عراق کا اختلاف ہو یا فلسطین کے مجاہدین کے دو گروہوں کا یا شام اور اردن کا اختلاف ہو یا لیبیا یا مصر کا اختلاف کسی پہلو سے بھی عالم اسلام پر نظر ڈالیں تو آج اسلام کی طاقتیں عالم اسلام ہی کے خلاف ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں۔اور عجیب بات ہے کہ آج اسلام دو متحارب کیمپوں میں اس طرح بٹا ہوا ہے کہ اسلام کے بعض ممالک قرآن اور سنت کی تعلیم پیش کرتے ہوئے یہ اعلان کرتے ہیں کہ اسلام کا رنگ سرخ ہے اور اسلام اور اشتراکیت میں سوائے نام کے عملاً کوئی مابہ الامتیاز نہیں۔ہاں ایک فرق ہے کہ خدا کو اشتراکیت میں ڈال دو یا اسلام سے خدا کو نکال دو ، دونوں صورتوں میں یہ دونوں نظریۂ حیات بالکل ایک سے دکھائی دیں گے۔اور دوسری طرف اسلام ہی کے نام پر مغربی استعماریت کی پر زور نمائندگی کی جارہی ہے۔گویا اسلام دنیا میں کیپٹلزم کو تقویت دینے کے لئے آیا تھا اور اس کے سوا اسلام کا اور کوئی مقصد نہیں تھا۔