اسلام کا وراثتی نظام

by Other Authors

Page 279 of 306

اسلام کا وراثتی نظام — Page 279

۲۷۹ اسیر کی میراث کا بیان ! مسلمان قیدی کے لئے میراث کا وہی حکم ہے جو دیگر آزاد مسلمانوں کے لئے ہے یعنی اس کے ترکہ کی تقسیم کے بارے میں اور دوسرے مورثوں کی جائداد میں اس کے حصہ کے بارے میں جب تک وہ قیدی اسلام پر قائم ہے وہی ضوابط اور قواعد ملحوظ رکھے جاتے ہیں جو دیگر مسلمانوں کے بارے میں ملحوظ رکھے جاتے ہیں۔اگر وہ قید ہونے کے بعد کسی بھی وجہ سے مذہب اسلام سے روگردانی کرے یعنی مرتد ہو جائے تو اس کا حکم مرتد کا ہوگا اور اگر اس کے زندہ یا فوت ہونے کی خبر کسی بھی ذریعہ سے نہیں ملتی اور اغلب خیال اس کی وفات کا ہو تو اس صورت میں اس کا حکم مفقود الخبر کا ہوگا۔موجودہ دور میں سفیروں کے ذریعہ اس بات کا علم آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے کہ کس ملک کے کتنے قیدی کہاں کہاں تھے اور اُن میں سے کون کون زندہ ہیں۔اس لئے حالات کے مطابق ان کی اپنی جائداد اور دوسروں کی جائداد میں ان کے حصوں کے بارہ میں فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔