مجموعہ اشتہارات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 83 of 493

مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 83

یہ لفظ استعمال کیا گیا ہے کہ وہ نازل ہو گا یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ بغیر وسیلہ انسانی اسباب کے آسمان سے ایک قوت نازل ہو گی جو دلوں کو حق کی طرف پھیرے گی اور مراد اس سے انتشار روحانیت اور بارش انوار و برکات ہے۔سو ابتدا سے یہ مقدر ہے کہ حقیقت مسیحیہ کا نزول جو نور اور یقین کے رنگ میں دلوں کو خدا کی طرف پھیرے گا۔منارہ کی طیاری کے بعد ہو گا۔کیونکہ منارہ اس بات کے لئے علامت ہو گا کہ وہ لعنت کی تاریکی جو شیطان کے ذریعہ سے دنیا میں آئی ہے وہ مسیح موعود کے منارہ کے ذریعہ سے یعنی نور کے ذریعہ سے دنیا سے مفقود ہو اور منارہ بیضاء کی طرح سچائی چمک اُٹھے اور اونچی ہو۔خدا کے بعض جسمانی کام اپنے اندر رُوحانی اسرار رکھتے ہیں۔پس جیسا کہ توریت کے رو سے صلیب پر چڑھنے والا لعنت سے حصہ لیتا تھا ایسا ہی منارۃ المسیح پر صدق اور ایمان سے چڑھنے والا رحمت سے حصہ لے گا۔اور یہ جو لکھا ہے کہ منارہ کے قریب مسیح کا نزول ہو گا۔اس کے معنوں میں یہ بات داخل ہے کہ اُسی زمانہ میں جبکہ منارہ طیار ہو جائے گا مسیحی برکات کا زورو شورسے ظہور و بروز ہو گا۔اور اسی ظہور وبروز کو نزول کے لفظ سے بیان کیا گیا ہے۔پس جو لوگ اس عظیم الشان سعادت سے حصہ لیں گے یہ تو مشکل ہے کہ ان سب کے نام منارہ پر لکھے جائیں۔لیکن یہ قرار دیا گیا ہے کہ بہرحال چندمہاجرین کے مقابل پر ایسے تمام لوگوں کے نام لکھے جائیں گے جنہوں نے کم سے کم سو روپیہ منارہ کے چندہ میں داخل کیا ہو۔اور یہ نام ان کے زمانہ دراز تک بطور کتبہ کے منارہ پر کندہ رہیں گے جو آئندہ آنے والی نسلوں کو دعا کا موقع دیتے رہیں گے۔وَالسَّلَامُ عَلٰی مَنِ اتَّبَعَ الْھُدٰی