مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 363
پہلی پیشگوئی ان میں سے براہین احمدیہ کے صفحہ ۵۱۶ میں موجود ہے جس کی عبارت یہ ہے۔فَبَرَّاَہُ اﷲُ مِمَّا قَالُوْا وَکَانَ عِنْدَ اللّٰہِ وَجِیْھًا۔اَلَیْسَ اللّٰہُ بِکَافٍِ عَبْدَہٗ۔فَلَمَّا تَجَلّٰی رَبُّـہٗ لِلْجَبَلِ جَعَلَہٗ دَکًّا وَ اللّٰہُ مُوْھِنُ کَیْدِ الْکَافِرِیْنَ یعنی خدا اپنے اس بندے کو ان تہمتوں اور بہتانوں سے برَی کرے گا جو اس پر لگائے جائیں گے۔وہ خود اپنے بندے کے لئے کافی ہے۔پس جب خدا پہاڑ پر تجلیّ کرے گا تو اس کو پار پارہ کر دے گا اور جو کچھ مخالف لوگ ناحق کے الزاموں میں مبتلا کر نا چاہیں گے۔ان کے سب مکر سُست کر دے گا۔اب چونکہ انہیں ان دنوں میں مخالف لوگ طرح طرح کی تہمتیں لگانے میں حد سے بڑھ گئے ہیں اور اسی زمانے میں خدا نے زلزلہ شدید کی مجھے ایک برس پہلے خبر دی۔چنانچہ مطابق اس کے پہاڑوں پر زلزلہ کی سخت آفت آئی۔پس اس سے صاف ظاہر ہے کہ اس جگہ پہاڑوں کے پارہ پارہ کرنے سے مراد یہ زلزلہ تھا جس کی الحکم وغیرہ میں ایک برس پہلے خبر دی گئی۔دوسری پیشگوئی براہین احمدیہ میں زلزلہ کے بارے میں یہ ہے۔مَیں اپنی چمکار دکھلائوں گا۔اپنی قدرت نمائی سے تجھ کو اُٹھائوں گا۔دُنیا میں ایک نذیر آیا۔پر دُنیانے اس کو قبول نہ کیا لیکن خدا اُسے قبول کرے گااور بڑے زور آور حملوں سے اس کی سچائی ظاہر کر دے گا۔اَلْفِتْنَۃُ ھٰہُنَا فَاصْبِرْ کَمَا صَبَرَ اُوْلُواالْعَزْمِ فَلَمَّا تَجَلّٰی رَبُّـہٗ لِلْجَبَلِ جَعَلَہٗ دَکًّا قُوَّۃُ الرَّحْمٰنِ لِعُبَیْدِ اللّٰہِ الصَّمَدِ۔عربی کا ترجمہ یہ ہے کہ خدا فرماتا ہے کہ ان دنوں میں تیرے پر ایک فتنہ برپا کیا جائے گا۔پس خدا تجھے بَری کرنے کے لئے ایک نشان دکھائے گا اور وہ یہ کہ پہاڑ پر اس کی تجلی ہو گی اور وہ پہاڑ کو پارہ پارہ کر دے گا۔یہ خدا کی قوت سے ہو گاتا وہ اپنے بندے کے لئے نشان دکھاوے دیکھو براہین احمدیہ صفحہ ۵۵۷ اور پھر رسالہ آمین میںجومطبع ضیاء الاسلام قادیان میںچھپ کر ۱۹۰۱ء میں شائع ہوا تھا۔یہی خبر نظم میںدی گئی تھی اور وہ شعر یہ ہیں۔