مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 345
بدقسمت وہ شخص ہے کہ جو اپنے نفسِ امّارہ کی طرف ایک نظر بھی اُٹھا کر نہیںدیکھتا اور بد بُو دار تعصب سے دوسروں کو بد زبانی سے پُکارتا ہے۔پس ایسے شخص پر ہلاکت کی راہ کھلی ہے۔سو تقویٰ سے پورا حصہ لو اور خدا ترسی کا کامل وزن اختیار کرو اور دعائوں میں لگے رہو تا تم پر رحم ہو۔تم میں سے کون ہے جو بھوک کے وقت صرف روٹی کے نام سے سیر ہو سکتا ہے یا صرف ایک دانہ سے پیٹ بھر سکتا ہے ایسا ہی تم خدا کو راضی نہیں کر سکتے جب تک پورے طور پر متقی نہ بن جائو۔اپنے دشمنوں کے نفسانی جو شوں کا مقابلہ مت کرو تا تم بھی ایسے ہی ہو جائو کیونکہ جاہل کا مقابلہ صرف جہالت کے ذریعہ سے ہی ہو سکتا ہے پس اگر وہ تمہیں ستاویں اور دُکھ دیں یا تمہیں جوش دلانے کے لئے میری نسبت سبّ و شتم اور دشنام دہی اور ہتک کا طریق اختیار کریں تو تم صبر کرو اور چُپ رہو تا وہ خدا جو تمہارے دلوں اور ان کے دلوں کوآسمان پر دیکھتا ہے۔تمہیں بدلہ دے۔یقینا سمجھو کہ وہ دن آ رہے ہیں کہ جب سے دُنیا پیدا ہوئی ایسی سختی کے دن کبھی عام طورپر دنیا پر نہیں آئے۔ایسا ہوا تا وہ پیشگوئیاں پوری ہو جائیں جو ابتدا سے نبیوں نے کی تھیں۔خدا نے آج سے پچیس ۲۵برس پہلے طاعون کی خبر مجھ کو دی تھی جو براہین احمدیہ میں شائع ہو چکی تھی۔پھر اس وقت خبر دی جب یہ ملک بیماری سے پاک تھا۔وہ خبر بھی شائع ہو چکی اور پھر طاعون کے اس سخت حملہ کی خبر جو عنقریب ہونے والا ہے۔یہ اس لئے ہوئی کہ تا لو گ متنبّہ ہو جائیں۔ان چالاک لوگوں کی پیروی مت کرو جن کے دل گندے اور نجاست سے بھرے ہیں جو دوسروں کو خدا کی طرف بُلاتے اور آپ اس سے دُور ہیں۔خدا ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ کس کی زندگی لعنتی اور کس کی زندگی پاک ہے۔پس تم ایسے دردناک دُعائوں میں لگ جائو کہ گویا مَر ہی جائو تا دوسری موت سے خدا تمہیں بچاوے۔دُنیا کے لئے بڑی گبھراہٹ کے دن ہیں مگر دنیا نہیں سمجھتی لیکن کسی دن سمجھے گی۔دیکھو میں اس وقت اپنا فرض ادا کر چکا ہوں اور قبل اس کے کہ تنگی کے دن آویں مَیں نے اطلاع دے دی ہے۔اب مَیں ختم کرتا ہوں۔وَالسَّـلَامُ عَلٰی مَنِ اتَّبَعَ الْھُدٰی۔