مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 313
دین کے دو ہی کامل حصّے ہیں۔ایک خدا سے محبت کرنا اور ایک بنی نوع سے اس قدر محبت کرنا کہ ان کی مصیبت کو اپنی مصیبت سمجھ لینا اور ان کے لئے دُعا کرنا جس کو دوسرے لفظوں میں شفاعت کہتے ہیں۔(۶) خدا کی کوئی آواز دنیا میں سنائی نہیں دیتی۔الجواب:- تعجب کہ باوجودیکہ پنڈت لیکھرام کی موت سے تمام آریہ صاحبوں نے ۶؍مارچ کے دن خدا ئے تعالیٰ کی آواز سن لی۔اور خدا نے دنیا میں اشتہار دے دیا کہ لیکھرام بوجہ اپنی بدزبانیوں کے چھ۶ برس تک کسی کے ہاتھ سے مارا جائے گا وہ آواز نہ صرف ہم نے سُنی بلکہ ہمارے ذریعہ سے سب آریہ صاحبوں نے سُنی مگر کیا اب بھی ثابت نہ ہوا کہ خدا کی آواز دنیا کو سنائی دیتی ہے۔آپ صاحبوں میں سے پکّے آریہ لالہ شرم پت اور لالہ ملاوا مل ساکن قادیان بہت سی خدا کی آوازوں کے گواہ ہیں۔اگر وہ انکار کریں گے اور قوم کو خدا پر مقدم رکھیں گے اور جھوٹ بولیں گے تو شاید کوئی اور آواز آسمانی سُن لیں گے۔المشــــــــــــــــــــــــــــــــتھر خاکسار میرزا غلام احمد قادیانی (نسیم دعوت۔روحانی خزائن جلد۱۹ صفحہ ۴۵۲ تا ۴۶۴)