مجموعہ اشتہارات (جلد 2) — Page 91
مجموعہ اشتہارات ۹۱ جلد دوم مچاتے ، لیکن افسوس کہ ان ظالم بداندیشوں نے اس طرف رُخ بھی نہیں کیا۔اے دُنیا کے دانشمند و خدا کے لیے بھی کچھ عقل خرچ کرو۔اور ذرا سوچو کہ جس حالت میں پیشگوئی میں شرط موجود تھی اور آتھم نے نہ صرف اپنے مضطر بانہ افعال سے ثابت کیا کہ پیشگوئی کے اثناء میں عیسائیت کا استقلال اس سے الگ ہو گیا تھا اور اسلامی عظمت نے ایک دیوانہ سا اس کو بنا دیا تھا۔بلکہ اُس نے اپنی زبان سے بھی اقرار کیا جونورافشاں میں چھپ گیا کہ میں اثناء پیشگوئی میں ضرور ڈرتا رہا لیکن نہ اسلام سے بلکہ اس لیے کہ میرے پر متواتر تین حملے ہوئے یعنی امرت سر اور لدھیانہ اور فیروز پور میں۔مگر وہ ان حملوں کو ثابت نہ کرسکا بلکہ مارٹن کلارک وغیرہ نے نالش کے لیے اس کو بہت اُٹھایا اور بہت ہی زور لگایا جس سے اس نے صاف انکار کر دیا اور میت کی طرح اپنے تئیں بنالیا۔اگر وہ سچا تھا تو سچائی کا جوش ضرور اس میں ہونا چاہیئے تھا۔اور اگر اپنے لیے نہیں تو اپنے دین کے لیے ضرور اس بات کا ثبوت دینا اس کے ذمہ تھا کہ جس ڈر کا اس کو اقرار ہے وہ محض تین حملوں کے وجہ سے تھا، نہ اسلامی عظمت کی وجہ سے۔اور ہر یک ادنی استعداد کا انسان بھی سمجھ سکتا ہے کہ اس نے اپنے اس دعوی کا ثبوت نہیں دیا جو بطور روک کے اس کی طرف سے پیش ہوا تھا بلکہ تین حملوں کا ڈر ایک بے ثبوت بناوٹ اور بیہودہ روک تھی جو واقعی ڈر کے مخفی رکھنے کے لیے پیش کی گئی تھی۔اگر وہ سچا ہوتا تو ضرور نالش کر کے اس کو ثابت کرتا یا کسی اور طور سے اس واقعہ کو بپایہ ثبوت پہنچاتا۔پس جبکہ اس نے خوف کا اقرار تو کیا مگر ان وجوہ کو ثابت نہ کر سکا جو خوف کی بنیاد ٹھہرالی تھی تو ضروری طور پر اس خوف کو پیشگوئی کی عظمت اور اسلام کے رُعب کی طرف منسوب کرنا پڑا۔اس صورت میں ہمیں کچھ ضرور نہیں تھا کہ کوئی انعامی اشتہار دیتے یا قسم کے لیے اس کو مجبور کرتے۔کیونکہ ان قرائن نے جو اُس نے آپ ہی اپنے اقوال اور افعال اور حرکات سے ظاہر کئے تھے، اس بات کو بخوبی ثابت کر دیا تھا کہ وہ ضرور اسلامی عظمت سے ڈرتا رہا اور قرآن کریم اور نیز عیسائیوں کی کتابوں کے موافق رجوع کے لیے اسی قدر بات کافی تھی کہ اس کے دل نے اسلامی عظمت کو مان لیا۔مگر ہم نے صرف اس قرائنی ثبوت پر اکتفا نہ کیا بلکہ متواتر چار اشتہار مع انعام رقم کثیر کے جاری کئے اور اُن میں لکھا کہ وہ قرائن جو تم نے آپ ہی اپنے افعال اور اقوال اور حرکات سے پیدا