مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 599 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 599

جس کے ذریعہ سے ہم دین اور دُنیا دونوں درست کر سکتے ہیں۔پس اگر اب بھی ہم اس گورنمنٹ کے سچّے خیرخواہ نہ ہوں تو خدا تعالیٰ کے سامنے ناشکرے ٹھہریں گے۔یہ وہ تمام باتیں ہیں جن کو مَیں نے مختلف کتابوں میں شائع کیا اور سولہ۱۶ برس تک برابر میں اس خدمت کو بجا لاتا رہا۔مگر نہ اس خیال سے کہ ریاکاروں کی طرح گورنمنٹ کو خوش کروں بلکہ میں نے ایمانداری کی راہ سے فی الحقیقت گورنمنٹ برطانیہ کے احسانات کو ایسا ہی پایا کہ جن کے شکر میں مجھ سے اب تک یہی ہو سکا کہ مَیں بذریعہ ان تالیفات کے مسلمانوں کے خیالات کو درست کروں اور ان کے دل گورنمنٹ کی طرف پھیروں۔اور مَیں جانتا ہوں کہ بعض جاہل مولوی میری ان تحریرات سے ناراض ہیں اور مجھے علاوہ اور وجودہ کے اس وجہ سے بھی کافر قرا ر دیتے ہیں لیکن مجھے ان کی ناراضگی کی کچھ پرواہ نہیں۔مَیں یقینا جانتا ہوں کہ جو شخص بندوں کے احسانات کا شکر گزار نہیں وہ خدا تعالیٰ کا بھی شکر گذار نہیں۔کیونکہ نیک اندیش اور عادل بادشاہ خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک نعمت ہے۔پس جوشخص اس بادشاہ کا شکر گذار نہیں اس نے خدا تعالیٰ کی نعمت کو ردّ کیا اور چونکہ مَیں نے دیکھا کہ بلاد اسلامی روم و مصر وغیرہ کے لوگ ہمارے واقعات سے مفصّل طور پر آگاہ نہیں ہیں اور جس قدر ہم نے اس گورنمنٹ سے آرام پایا اور اس کے عدل اور رحم سے فائدہ اُٹھایا وہ اس سے بے خبر ہیں اس لئے مَیں نے عربی اور فارسی میں بعض رسائل تالیف کر کے بلاد شامؔ اور رومؔ اور مصرؔ اور بخارا وغیرہ کی طرف روانہ کئے۔اور ان میں اس گورنمنٹ کے تمام اوصاف حمیدہ درج کئے اور بخوبی ظاہر کر دیا کہ اس محسن گورنمنٹ بقیہ حاشیہ۔گئے۔دیکھو روبکار ۴؍ دسمبر ۱۸۵۸ء دفترضلع لدھیانہ۔اور جو فتویٰ تکفیر مولوی نذیر حسین دہلوی کی طرف سے اس عاجز کی نسبت شائع ہوا ہے اور جو اشتہار تکفیر اس فتویٰ پر زور دینے کے لیے اسی عبد العزیز مولوی اور اس کے بھائیوں کی طرف سے نکلا ہے ان کاغذات کو اگر کبھی گورنمنٹ غور سے دیکھے تو ثابت ہوگا کہ یہ سب لوگ درحقیقت ایک ہی ہیں۔ایک خونی مہدی اور خونی مسیح کے دن رات منتظر ہیں۔سول ملٹری گزٹ کی کس قدر سادہ لوحی ہے کہ جو شخص ایسے خیالات کو مٹانا چاہتا ہے اور صلحکاری کی بنیاد ڈالنے والا ہے اسی کو مفسد قرار دیتا ہے اور مفسدوں کے خیالات سے بیخبر ہے۔والسلام۔منہ