مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 417
کے الفاظ یہ ہیں۔سَیُوْلَدُ لَکَ الْوَلَدُ وَ یُدْنٰی مِنْکَ الْفَضْلُ اِنَّ نُوْرِیْ قَرِیْبٌ۔ترجمہ۔یعنی عنقریب تیرے لڑکا پیدا ہو گا۔اور فضل تیرے نزدیک کیا جائے گا۔یقینا میرا نُور قریب ہے۔سو آج ۲۰؍ اپریل ۱۸۹۳ء کو وہ پیشگوئی پوری ہو گئی۔یہ تو ظاہر ہے کہ انسان کو خود اپنی زندگی کا اعتبار نہیں۔چہ جائیکہ یقینی اور قطعی طور پر یہ اشتہار دیوے کہ ضرور عنقریب اُس کے گھر میں بیٹا پیدا ہو گا۔خاص کر ایسا شخص جو اس پیشگوئی کو اپنے صدق کی علامت ٹھہراتا ہے۔اور تحدّی کے طور پر پیش کرتا ہے۔اب چاہیے کہ شیخ محمد حسین اس بات کا بھی جواب دیں کہ یہ پیشگوئی کیوں پوری ہوئی۔کیا یہ استدراج ہے یا نجوم ہے یا اٹکل ہے۔اور کیا سبب ہے کہ خد تعالیٰ بقول آپ کے ایک دجّال کی ایسی پیشگوئیاں پوری کرتا جاتا ہے جن سے اُس کی سچائی کی تصدیق ہوتی ہے۔الراقــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــم خاکسار غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور (یہ اشتہار کے دو صفحوں پر ہے ) (مطبوعہ پنجاب پریس سیالکوٹ) (تبلیغ رسالت جلد ۳ صفحہ ۲۲ تا ۲۵)