مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 18
اس قدر تاکید مزید کے اس طرف متوجہ نہیں ہوں گے اور دلائل ثبوت تناسخ کے فلسفہ متدعویہ وید سے پیش نہیں کریں گے یا درصورت عاری ہونے وید کے ان دلائل سے اپنی عقل سے جواب نہیں دیں گے تو ابطال تناسخ کی ہمیشہ کے لیے ان پر ڈگری ہو جائے گی اور نیز دعویٰ وید کا کہ گویا وہ تمام علوم و فنون پر متضمن ہے محض بے دلیل اور باطل ٹھہرے گا اور بالآخر بغرض توجہ دہانی یہ بھی گزارش ہے کہ مَیں نے جو قبل اس سے فروری ۱۸۷۸ء میں ایک ۱؎ اشتہار تعدادی پانسوروپیہ بابطال مسئلہ تناسخ دیا تھاوہ اشتہار اب اس مضمون سے بھی بعینہٖ متعلق ہے اگر پنڈت کھڑک سنگھ صاحب یا کوئی اور صاحب ہمارے تمام دلائل کو نمبروار جواب دلائل مندرجہ وید سے دے کر اپنی عقل سے توڑ دیں گے تو بلاشبہ رقم اشتہار کے مستحق ٹھہریں گے اور بالخصوص بخدمت کھڑک سنگھ صاحب کہ جن کا یہ دعویٰ ہے کہ ہم پانچ منٹ میں جواب دے سکتے ہیں یہ گزارش ہے کہ اب اپنی اس استعداد علمی کو روبروئے فضلائے نامدارملت مسیحی اوربرہمو سماج کے دکھلاویں اور جو جو کمالات ان کی ذات سامی میں پوشیدہ ہیں منصہ ظہور میں لاویں ورنہ عوام کا لانعام کے سامنے دم زنی کرناصرف ایک لاف گزاف ہے اس سے زیادہ نہیں۔الراقم:۔مرزا غلام احمد۔رئیس قادیان (منقول از حضرت اقدس کی پُرانی تحریریں حصّہ اوّل صفحہ ۱ تا ۳ مطبوعہ ۳۰؍ مئی ۱۸۹۹ء۔مرتبہ ایڈیٹر الحکم ) (روحانی خزائن جلد ۲ صفحہ ۳ تا ۶) ۱؎ یہ اشتہار سفیر ہند مورخہ ۹؍ فروری ۱۸۷۸ء کا ہے جو باوجود تلاش کے نہیں ملا۔(مؤلّف)