مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 6 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 6

تقریر اعتراض پنڈت صاحب کی تقریر سے تناسخ باطل ٹھہرتا ہے اور دنیا کا بار بار پیدا ہونا غلط ثابت ہوتاہے کیونکہ بموجب پہلے اقرار پنڈت صاحب کے پرمیشر کوئی (روح۔ناقل) بنا نہیں سکتا۔اور بموجب دوسرے اور تیسرے اقرار پنڈت صاحب کے ہمیشہ روح بکٹ (مکت) ہوتے رہتے ہیں۔اور بموجب چوتھے اقرار پنڈت صاحب کے جوروح مکت ہو جاتی ہے پھر واپس نہیں آتی۔اور یہ بات تو ظاہر ہے کہ جیسے جیسے روحیں بکٹ(مکت) ہو جائیں گی اس طرف سے کمی ہوتی جائے گی یہاں تک کہ ایک دن خزانہ خالی ہو جائے گا۔پھر اواگون کہاں رہے گی اور سرشتی کا باربار رچنا کس پرکار سے ٹھیک بیٹھے گا۔اگر کوئی کہے کہ روح بے انت ہیںتو اول تو یہ وہم بموجب پانچویں اقرار پنڈت صاحب کے باطل ہے کیونکہ اگر روح بے انت ہوتے تو ایک مدت معدود میں جو چار ارب ہے کس طرح ان سب کا دورہ پورا ہو جاتا۔اور علاوہ اس کے ہم کہتے ہیںکہ جو چیز فی الحقیقت کسی قدر خارج میں موجود ہے اور دنیا میں آسکتی ہے اور جا سکتی ہے وہ کبھی بے انت نہیں ہو سکتی۔جب ایک کو ان میں سے نکالیں گے تو ضرور ایک کی کمی ہو جائے گی اور جب دو نکالیں گے تو دو کی کمی ہو جائے گی۔غرض جیسے نکلتے جائیںگے ویسے کم ہوتے جائیں گے اور ایک دن محکمہ بندوبست کی طرح سرشتہ خدائی کا تخفیف میں آ جائے گا کیونکہ بموجب اصول پنڈت صاحب کے زمانہ غیر متناہی ہے اور یہاں ثابت ہو گیا جو روحیں کسی قدر اندازے میں محدود اور متناہی ہیں اور متناہی غیر متناہی سے کبھی نباہ نہیں کر سکتا۔اس واسطے ضرور کسی دن ٹوٹ (کمی۔ناقل) آ جائے گی۔بعض لوگ یہ جواب دیتے ہیں کہ روح انادی ہے اور جو چیز انادی ہو وہ گنتی سے باہر ہوتی ہے۔اس کا یہ جواب ہے کہ خدا بھی انادی ہے مگرگنتی سے باہر نہیں ایک ہے۔