مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 209
ترجمہ۔اے فخر رُسل مجھے تیرے قرب الٰہی کا (بلند مرتبہ) معلوم ہوگیا ہے، تو اس لئے دیر سے پہنچا ہے کہ بہت دور سے آیا ہے۔جن کے حق میں خدا تعالیٰ نے مجھے مخاطب کر کے فرمایا کہ میں انہیں ان کے غیروں پر قیامت تک فوقیت دوں گااوربرکت اوررحمت ان کے شامل حال رہی گی اور مجھے فرمایا کہ تو میری اجازت سے اور میری آنکھوں کے روبرو یہ کشتی تیار کر۔جو لوگ تجھ سے بیعت کریں گے وہ خدا سے بیعت کریں گے۔خدا کا ہاتھ ان کے ہاتھوں پر ہوگا اور فرمایا کہ خدا تعالیٰ کے حضور میں اپنی تمام طاقتوں کے ساتھ حاضر ہو جائو اور اپنے ربِّ کریم کو اکیلا مت چھوڑو۔جو شخص اسے اکیلا چھوڑتا ہے وہ اکیلا چھوڑا جائے گا۔سوحسب فرمودہ ایزدی دعوت بیعت کا عام اشتہار دیا جاتا ہے اور متحملین شرائط متذکرہ بالا کو عام اجازت ہے کہ بعد ادائے استخارہ مسنونہ اس عاجز کے پاس بیعت کرنے کے لئے آویں۔خدا تعالیٰ ان کا مدد گار ہو اور ان کی زندگی میں پاک تبدیلی کرے اور ان کو سچائی اور پاکیزگی اور محبت اور روشن ضمیری کی رُوح بخشے آمین ثم آمین۔وَآخِرُدَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔المبــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــلغ خاکسار احقر عباد اللہ غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور پنجاب ۹؍ جمادی الاوّل ۱۳۰۶ھ مطابق ۱۲؍ جنوری ۱۸۸۹ء (مطبوعہ ریاض ہند پریس امرتسر)