ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 447 of 569

ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت) — Page 447

متعلق زبان۔تلفظ، کلمہ طیبہ لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہ ، قرآن مجید کی تلاوت کرنا اور سیکھنا اور سمجھنا اور دعا، ذکر، استغفار ، لغو اور فضول باتوں سے دور رہنا۔متعلق بدن۔ہر وقت پاک صاف رہنا، ستر کو چھپانا، نماز، صدقہ، روزہ ، حج، اعتکاف، ہجرت، نذر کو پورا کرنا، کفارے اور قسم کو ادا کرنا، قربانی دینا، جنازہ پڑھنا، قرض کا ادا کرنا، معاملات میں صدق اختیار کرنا اور ریاء چھوڑ دینا، سچی گواہی ادا کرنی، گواہی کو نہ چھپانا، تعفُّف، اہل و عیال کا حق ادا کردینا، والدین پر رحم، تربیت اولاد، صلہ رحم، حکام کی اطاعت، خلق میں اصلاح کرتے رہنا، جماعت کی متابعت، نیک کاموں میں دوسروں کی مدد، بھلے کام کا حکم کرنا، برے کاموں سے منع کرنا، حدود شرعی کو قائم رکھنا، جہاد کرنا، امانت کو ادا کرنا، معاملہ صاف رکھنا، اپنا حق لینے میں سختی نہ کرنا، دوسروں کے حق دینے میں حیلہ یا سستی نہ کرنا، مال کا موقع پر صرف کرنا، مال کو فضول خرچ نہ کرنا، سلام کا جواب دینا، مریض کی بیمار پرسی کرنا، جب کسی مسلمان کو چھینک آوے اور وہ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ کہے تو جواب میں یَرْحَمُکَ اللّٰہُ کہنا، تکلیف والی چیز کو راستہ سے ہٹا دینا، ہمسایہ کی عزت کرنا، خدا کی راہ میں خرچ کرنا، مخالفین اسلام کا ردّ کرنا۔ترجمہ حدیث صحیح بخاری جو ترجمہ صحیح بخاری درس حدیث میں اکثر احباب کے سامنے ہوتا ہے وہ ترجمہ مولوی وحید الزمان کا ہے جو لاہور اور امرتسر میں چھپا ہے اور اس کا اشتہار اخبار بدر میں بھی ہوتا ہے۔جہاں تک ہمیں معلوم ہے اس کے سوائے اور کوئی ترجمہ بین السطور نہیں ہے۔مولوی وحید الزمان سلسلہ حقہ احمدیہ کا سخت دشمن ہے اور اس نے جا بجا اپنے حاشیہ میں خواہ مخواہ ہم کو گالیاں دی ہیں لیکن جب تک کہ وہ وقت نہ آجائے کہ ہمارے اپنے ترجمے اور حاشیے چھپیں تب تک ایسا نہیں ہوسکتا کہ ان لوگوں کی گالیوں سے ڈر کر ہم بخاری کے ترجموں کو پڑھنا چھوڑ دیں۔اس ترجمہ کے شائع کنندہ نے ہمارے ساتھ وعدہ کیا ہے کہ نئے ایڈیشن میں سے ان الفاظ کو نکال دے گا۔اصل بخاری اور اس کے ترجمہ میں تو کوئی دخل ہی کیا دے سکتا ہے۔باقی رہے حواشی سو خُذْ مَا صَفَا وَ دَعْ مَا کَدَرْ پر عمل کرنا چاہیے۔