ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت) — Page 376
حضرت خلیفۃ المسیح نے ارشاد فرمایاکہ اشتہار چھپوا دو۔اس وقت مبلغ ۷۵ روپیہ کی ضرورت ہے۔جو ناظرین کسی قدربھی مالی امداد فرمائیں گے خداوندکریم سے انشاء اللہ تعالیٰ اجر عظیم کے مستحق ہوں گے۔ورنہ کتاب کو خرید کر کے مصنف کی مدد فرماویں۔کتاب کی قیمت تقریباً ۸؍ ہو گی مگر جو صاحب پیشتر درخواست بھیجیں گے ان کو معہ محصول ڈاک ۷؍ میں ارسال کی جائے گی۔خط و کتابت پتہ ذیل پر ہونی چاہیے۔الراقم:۔جھنڈے خان احمدی مدرس پتے ہالی و برانچ پوسٹ ماسٹر ڈاک خانہ خاص پتے ہالی تحصیل و ضلع گورداسپور (الفضل جلد ۱ نمبر ۳۵ مورخہ ۱۱؍فروری ۱۹۱۴ء صفحہ ۱۶) ۱۔درس قرآن کی فکر حضرت خلیفۃ المسیح کی طبیعت اس ہفتے بدستور علیل رہی۔۹؍ فروری دو تین دست آنے سے طبیعت بہت نڈھال ہوگئی مگر دوسرے دن افاقہ ہوگیا۔پہلے پہر آرام ہوتا ہے اور پچھلے پہر خفیف سی حرارت ضعف کا یہ حال ہے کہ بغیر سہارے کے بیٹھنا تو درکنار باجود سہارے کے سر کو خود نہیں تھام سکتے۔اس حالت میں ایک دن (ہفتہ ) فرمایا کہ بول تو میں سکتا ہوں خدا کے سامنے کیا جواب دوں گا۔درس کا انتظام کرو کہ میں قرآن مجید سنادوں۔۲۔اہل خانہ کو صبرکی تلقین اپنے گھر والوں کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا۔دکھوں میں کبھی نہ گھبراؤ۔لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہ کا ورد رکھیو۔اپنے محسن نبی کریم پر درود بھیجتے رہو۔۳۔لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہپر ایمان فرمایا۔جو لوگ مجھے مسلمان نہیں سمجھتے انہیں کیا معلوم کہ نور الدین کاآخری وقت میں بھی لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہپر ایمان تھا۔