ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 1
بِسْـمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْــــمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ ارشادات نور (بعد از خلافت) احباب جماعت کو زیارت قادیان کی تحریک حضرت خلیفۃ المسیح کا حکم ہے کہ تمام بیعت کنندوں کے واسطے ضروری ہے کہ جس قدر جلد ممکن ہوسکے کچھ نہ کچھ فرصت نکال کر ملاقات کے واسطے سب قادیان آویں۔کیونکہ اس سے روحانی ترقی ہوتی ہے اور ایمان میں تقویت پیدا ہوتی ہے۔(البدرجلد ۷ نمبر ۲۳مورخہ ۱۱؍جون ۱۹۰۸ء صفحہ ۹) خلیفہ اور مامور میں فرق (۲؍جون۱۹۰۸ ء قبل عصر) آپ کی خدمت میں سوال کیا گیا کہ خلیفہ اور مامور میں فرق کیا ہے؟جس طرح مامور کی اقتدا اور اتباع کا حکم ہے اسی طرح خلیفہ کی بھی اطاعت اور فرمانبرداری کا حکم ہے ان دونوں میں فرق کس بات کا ہے؟ فرمایا۔مامور کو اس کے کل امور میں خاص طور پر مکالمہ، مخاطبہ اور کشوف اور رؤیائے صالح ہوتے ہیں اور کثرت سے ہوتے ہیں۔اور اصل امور میں ذاتی اجتہاد کا بہت تھوڑا موقع دیا جاتا