ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 321
عورت کھیتی ہے اور بیج بونے کے قابل ہے۔جس طرح کھیت کا علاج اور معالجہ ضرور ہوا کرتا ہے اور اس میں خاص غرض ہوا کرتی ہے بنا بریں عورت میں بھی بعض خاص خاص اغراض ہیں جن سے ہمیں متمتع ہونا چاہئے۔یہ پانچویں بات ہے۔پھر عورت ننگ و ناموس اور مال اور اولاد کی محافظ اور مہتمم ہے۔یہ چھٹی بات ہے۔سردست ڈاک کا وقت ہے اور خطوط کی کثرت ہے۔اس لئے مختصراً عرض ہے اگر زیادہ تفصیل مطلوب ہو تو پھر اطلاع بخشیں۔نور الدین (البدر جلد۶ نمبر۹۔مورخہ۲۸؍ فروری۱۹۰۷ء صفحہ۵) قرآن کریم نے بے فائدہ مسائل پوچھنے سے روکا ہے درس قرآن میں حکیم الامت نے فرمایا۔بعض لوگ ایسی باتوں و قصوں کے خوض میں رہتے ہیںجو لایعنی اور بے فائدہ ہیں مثلاً پوچھتے ہیں کہ آدم و حوا علیہما السلام کی پیدائش کس طرح ہوئی۔ان مسائل کے پوچھنے سے انسان کے عادات و اخلاق پر کوئی مفید اثر نہیں پڑتا۔اس لئے خدا تعالیٰ نے قرآن کریم میں ایسے مسائل پوچھنے سے روکا ہے۔بدی کی سزا فرمایا۔ہر ایک بدی کی سزا بدی ہوتی ہے انسان کو ہر وقت خدا تعالیٰ کی طرفجھکنا چاہئے اور استغفار پڑھتا رہے تاکہ بدیاں کرانے والے شیاطین سے خدا تعالیٰ اس کو محفوظ رکھے۔وعدہ کی خلاف ورزی کا نتیجہ فرمایا۔جو شخص خدا تعالیٰ سے وعدہ کر کے اس کی خلاف ورزی کرتا ہے اس میں نفاق پیدا ہو جاتا ہے۔(الحکم جلد۱۱ نمبر۸۔مورخہ۱۰ ؍مارچ ۱۹۰۷ء صفحہ۴)