ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 309
مجھے بہت پیارے الفاظ بولنے کا موقع ملتا مگر محبوب پر سخت کلامی کو ایک محب فطرتاً پسند نہیں کر سکتا اور وہ معذور بھی ہے۔پھر خداکے لا انتہاء قوانین مغفرت بھی موجود ہیں۔اس لئے میں یقین کرتا ہوں کہ میرا کوئی لفظ بھی ایسا نہ ہو گا جو میرے لئے نجات سے محروم کرنے والا ہو۔قرآن کریم سے الگ ہو کر آپ بہت قوانین ایجاد کر سکتے ہیں مگر قرآن کے ما تحت ہو کر ایسا کرنا آپ کے لئے محال ہے۔قرآن ایک مفصل کتاب ہے۔اگر ایک شخص کو ایک مقام پر کوئی آیت متشابہ معلوم ہو تو اس کے لئے اور بہت سے محکمات موجود ہیں جو ام الکتاب کا کام دے سکتے ہیںمگر کبریائی سخت مرض ہے۔(الحکم جلد۱۰ نمبر ۱۹۔مورخہ۳۱؍مئی۱۹۰۶ء صفحہ۹،۰ ۱) مرزا صاحب کی تصویر کے متعلق ایک غلط فہمی کا ازالہ عموماً مجھ سے سوال کیا جاتا ہے کہ ہر احمدی مرزا صاحب کی تصویر رکھتا ہے اور اس سے غرض اس کی پرستش کی ہوتی ہے۔میں بآواز بلند پکار کر کہتا ہوں کہ جو کوئی شخص مرزا صاحب کی تصویر پوجتا ہے وہ یقیناً مشرک ہے اور شرک کرتا ہے اور تصویروں کے بنانے کو مرزا صاحب سخت اور گندی بدعت سمجھتے ہیں۔چنانچہ یہاں کچھ ایسے کارڈ آئے تھے جن پر آپ کی تصویر تھی تو آپ نے فرمایا کہ ان سب کو جلا دو نیز یہ بات بھی بالکل جھوٹ ہے کہ ہر ایک مرزائی کے پاس مرزا صاحب کی تصویر ہوتی ہے میرے پاس ہی کوئی نہیںجواحمدی تصویر رکھتا ہے وہ مرزا صاحب کے بالکل خلاف کرتا ہے۔مرزا تصویر کی پرستش کرانے کو دنیا میں نہیں آیا۔فقط۔نورالدین (الحکم جلد۱۰ نمبر ۲۴۔مورخہ۱۰؍جولائی۱۹۰۶ء صفحہ۹) مفرح یاقوتی کی نسبت تصدیق میں تصدیق کرتا ہوں کہ مفرح یاقوتی تیار کردہ مرہم عیسیٰ صاحب بے ریب مفید ہے۔میں نے اپنے ایک شریف مریض پر اس کا تجربہ کیا ہے۔اللہ تعالیٰ ان کے کارخانہ میں برکت دے۔