ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 30
میری نصیحت ہے کہ آپ ایک بار یہاں تشریف لاویں تو پھر آپ کو ایسے مسائل پر مفصل سنایا جائے خطوط بہت آتے ہیں زیادہ مفصل نہیں لکھ سکتے۔ضرور ایک بار تشریف لاویں۔نورالدین ۲۶؍اپریل ۱۸۹۹ء از قادیان (الحکم جلد ۳ نمبر ۱۶مورخہ ۵؍مئی ۱۸۹۹ء صفحہ ۶) راست باز کی شناخت کا معیار راستباز کی شناخت کا ایک معیار یہ بھی ہے۔(۱)پہلے بھلوں اورر استبازوں سے اس کا مقابلہ کرو۔(۲) بروں بھلوں میں جنگ رہی ہے نتیجہ بھلوں کے حق میں ہوتا ہے۔(۳) عام نشان اس کی جماعت ہے یعنی وہ بنتی ہے اور دشمن تباہ ہو جاتے ہیں۔(۹۸۔۲۔۲۴) حنفی کس کو کہتے ہیں ؟ ابھی امام صاحب بیعت نہ لیتے تھے ان دنوں میں ایک بار مجھ سے کہا کہ تم اشتہار دو کہ میں حنفی ہوں میںنے اشتہار لکھ کر بھیج دیا جس کا عنوان یہ تھا کہ ’’ بمے سجادہ رنگین کن گرت پیر مغاں گوید ‘‘ لیکن پھر جب میں قادیان آیا تو آپ نے وہ اشتہار نکال کر دیا اور کہا کہ اس کو پھاڑ ڈالو۔میں نے پھاڑ دیا۔پھر فرمایا کہ حنفی کس کو کہتے ہیں۔میں نے کہا کہ میں تو نہیں جانتا۔امام صاحب نے فرمایا کہ امام ابو حنیفہ کیا کرتے تھے۔میں نے کہا جہاں نص پاتے تھے عمل کرتے تھے اور جہاں نص نہ پاتے تھے اجتہاد کرتے تھے۔فرمایا کہ یہی مومن کاکام ہے اور یہی حنفی ہوتا ہے۔(۹۸۔۱۱۔۱۴) وسوسہ مجھے کسی شرعی مسئلہ میں نیز جزئیات میں کبھی وسوسہ نہیں آیا۔(۹۹۔۲۔۲۵) (الحکم جلد ۳ نمبر ۲۰ مورخہ ۹؍جون ۱۸۹۹ء صفحہ ۱ )