ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 150
اور نتیجے پیدا ہوتے ہیں آسمان اور زمین کے ملنے کے بغیر جب جسمانی کام نہیں ہوتے تو روحانی کام بھی ان دونوں کے ملنے کے بغیر درست نہیں ہو سکتے۔آسمان اور زمین کی ملاوٹ مومن کے لئے بڑے بڑے کام کرتی ہے اور یہ وہ صورت ہے جو الہام اور عقل کے باہم ملنے سے پیدا ہوتی ہے اگر آسمانی الہام عقل کے ساتھ نہ ملیں تو زمینی عقل باقی نہیں رہتی اور اگر انسان کی قوتیں ہوں اور الٰہی طاقتوں سے نہ ملیں تو انسانی قوتیں معطل ہو جاتی ہیں اور اگر الہام الٰہی ایسے لوگوں پر اتریں جن کو ان کے لینے کی عقل نہ ہو تب بھی الہام الٰہی ان کو کوئی فائدہ نہیں دے سکتا۔(الحکم جلد۷ نمبر۳۲ مورخہ ۳۱؍ اگست ۱۹۰۳ء صفحہ۱۵) مکتوب حضرت مخدومنا حکیم نور دین صاحب میرے مہربان دوست بھائی الٰہ داد خان صاحب کلرک نے کچھ مکتوبات اس غرض سے نقل کر کے ارسال کئے ہیں کہ ان کو فائدہ عام کی خاطر درج اخبار کیا جاوے۔اس میں سے بعض تو وہ ہیں جو کہ خود مولانا موصوف کے قلمی تحریر شدہ ہیں اور بعض وہ ہیں جو کہ غالباً آپ کی ایما سے حکیم فضل دین صاحب کی طرف سے لکھے ہوئے معلوم ہوتے ہیں چونکہ ان کا درج اخبار ہونا موجودہ اور آئندہ نسلوں کے لیے واقعی مفید ہے اس لئے ہدیہ ناظرین ہیں۔گرامی نامہ حضرت حکیم الامت بنام حاجی الٰہ دین صاحب عرائض نویس صدر شاہ پور السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ تم مجھے بے ریب عزیز تھے اور ہو۔میں نے تم سے محبت کی اور بہت کی۔میں نے تمہارے لئے دعائیں کیں اور اکثر قبول ہوئیں۔الحمد للہ اور انشاء اللہ تعالیٰ یقین ہے کہ قیامت میں بھی قبولیت ظاہر ہو گی۔میری محبت ایسے وقت سے شروع ہوئی جب تم میں شعور و تمیز کا مادہ نہ تھا اور وہ میری علم و شعور کے ساتھ ساتھ بڑھتی رہی میرا تمہارا بچپن تھا مگر اللہ تعالیٰ کا محض فضل اور اس کی خاص رحمت تھی اور تعجب انگیز کرم تھا کہ میرے اور تمہارے درمیان بایں جوش محبت اور شدتِ پیار کے بچپن سے کوئی ایسی حرکت واقع نہ ہوئی جس کو تم یا میں یا ہمارے پرانے دوست حقارت کی نگاہ