ابنِ سلطانُ القلم — Page 223
ابن سلطان القلم ~ 223 - ~ ۱۴- فن شاعری: یہ رسالہ ۱۹۰۷ء میں مطبع احمدی علی گڑھ سے شائع ہوا جس کے مالک و مہتمم رشید احمد صاحب تھے۔کتاب ۱۶۸ صفحات پر مشتمل ہے جس کا انتساب صاحبزادہ مرزا سلطان احمد صاحب نے سید محمد حسین اکبر الہ آبادی صاحب کے نام کیا۔اس وقت صاحبزادہ صاحب میانوالی میں متعین تھے۔اس کتاب میں صاحبزادہ صاحب نے شاعری اور فن شاعری پر نئے اور پرانے خیالات کے اعتبار سے نہایت عمدہ پیرایہ میں بحث کی ہے اور بتایا ہے کہ شاعری کی کیا کیا تعریفیں کی گئی ہیں اور کیا شاعری ایک فن ہے یا علم ؟ اس کے علاوہ فلسفی اور تاریخی لحاظ سے شاعری کا شروع، شاعری کا موضوع و مدعا، شاعروں کے مدارج، شاعری کے مدارج، زمانہ اور شاعری، شاعری کے اولیات، ضرورت، مماثلات اور تناسبات، شاعری کے اقسام اور متعلقات، شاعری باعتبار مختلف واقعات، درد و سوز و با اعتبار تفریح، شاعری کا نتیجہ یا شاعر کی علمی خدمات اور شاعر کی زندگی وغیرہ اس کتاب کے اہم موضوعات ہیں۔تحریر میں جابجا فارسی اور اُردو اشعار کا برجستہ استعمال کیا ہے، جس سے آپ کے مطالعہ شعر کی وسعت کا خوب اندازہ ہوتا ہے۔اس کتاب میں آپ نے اُردو شاعری کے نقائص اور محاسن بھی بتائے ہیں اور الزامی طور پر یورپین شاعری کے نقائص کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔ملک کے نوجوانوں کو اس شاعری کی طرف دعوت دی ہے جس کی ملک و ملت کو ضرورت ہے۔