ابنِ سلطانُ القلم — Page 175
ابن سلطان القلم ~ 175 ~ خصوصیت کے ساتھ تصوف، فلسفہ اور اُردو ادب پر آپ کے اتنے احسانات ہیں کہ یہ شعبے کبھی مرزا صاحب کی منت پذیری سے سبکدوش ہی نہیں ہو سکتے۔کچھ عرصہ سے مرزا صاحب کی طبع عزیز نے مسائل مذہبی کو موجودہ زمانہ کے متکلمانہ طرز پر نئے قالب میں ڈھالنا شروع کیا ہے اور حقیقت الامر یہ ہے کہ جناب ممدوح جس مسئلہ کو اپنا نصب العین قرار دیتے ہیں اُس کے متعلق آپ کی فکر رسا اور طبع موزوں تقریباً تمام موجودہ قسم کے اعتراضات کی مسکت اور دلنشین جوابات کو ایسا مکمل گلدستہ تیار کر دیتے ہیں کہ جدید و قدیم دونوں خیال کے اصحاب اُس گلدستہ کے گونا گوں بوقلمون پتیوں اور معطر و خوشنما پھولوں کے نظارے و مہک سے اپنے مشام جان اور باطنی آنکھوں کو محظوظ و مسرور کرتے ہیں۔ناظرین و شائقین اب سے قبل ”النساء فی الاسلام“ کے مطالعہ سے بہرہ اندوز ہو چکے ہیں۔اب مرزا صاحب ممدوح نے یہ دوسرا گلدستہ عطر پاش موسومه الصلوۃ اپنی مہربانی سے ہم کو مرحمت فرمایا ہے، جس کو ہم نے علاوہ اپنے ماہوار پرچہ ضیاء الاسلام میں شائع کرنے کی علیحدہ بصورت کتاب بھی طبع کیا ہے۔امید ہے کہ ناظرین حقیقت صلوۃ کے متعلق اس رسالہ میں اچھوتے گلہائے مضامین کو ملاحظہ فرما کر مرزا صاحب کی منت پذیری میں ہمارے ہم زبان ہوں گے اور ہم علاوہ اظہار سپاس گزاری کے مرزا صاحب کے واسطے صدق دل سے دست بدعا ہیں کہ خداوند عالم جناب ممدوح کو توفیق عطا فرمائے