حضرت مفتی محمد صادق صاحب ؓ

by Other Authors

Page 13 of 300

حضرت مفتی محمد صادق صاحب ؓ — Page 13

حضرت مفتی محمد صادق علی اللہ تعالیٰ عنہ بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ پیش لفظ 13 بفضلہ تعالیٰ لجنہ اماءا کے شعبہ تصنیف و اشاعت کو صد سالہ جشن تشکر کے سلسلہ کی کتاب نمبر 97 پیش کرنے کی توفیق حاصل ہو رہی ہے۔زیر نظر کتاب ”حضرت مفتی محمد صادق عفی اللہ تعالیٰ عنہ ہماری عزیزہ امتہ الباری ناصر صاحبہ نے تحریر کی ہے۔جو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے اس مقتدر رفیق پر پہلی سیر حاصل کتاب ہے۔مصنفہ نے اس میں اُن ساری خوبیوں کا تفصیل سے ذکر کیا ہے جن کی بدولت اللہ تبارک تعالیٰ نے اُن کو حضرت اقدس علیہ السلام کی پیاری نگاہوں میں پیار کے قابل بنا دیا۔آپ کو اپنے جذبہ عشق اور اطاعت گزاری میں تن من دھن کی ہوش نہ رہی تھی۔آپ بھیرہ کے رہنے والے تھے۔بچپن درویشوں اور زاہدوں کے ماحول میں پروان چڑھا۔قبولیت دُعا پر کامل یقین پیدا ہوا۔محبت الہی اور محبت دین سے ان کا دل معمور تھا۔پھر خدا تعالیٰ نے ایسے سامان پیدا فرمائے کہ رسائی حضرت اقدس علیہ السلام تک ہوگئی۔اللہ تعالیٰ نے خدمات دینیہ کے لئے وقف کی رُوح کو غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا اور آپ کو ملک اور بیرون ملک اشاعت دین کی سعادت حاصل ہوئی۔دینِ حق کے دفاع میں تحریر و تقریر کی اثر انگیزی نے خاطر خواہ نتائج پیدا کئے جس کا اعتراف نہ صرف اپنوں نے بلکہ غیروں نے بھی دل کھول کر کیا۔جیفرسن یونیورسٹی آف شکاگو کی طرف سے ڈاکٹر آف لٹریچر کی ڈگری ملنا ایک مثال ہے۔جو خدا کا ہو جاتا ہے خدا بھی اس کا ہو جاتا ہے۔اس خوش قسمت انسان نے اطاعت اور محبت سے کام کر کے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی خوشنودی حاصل کی جس کی وجہ سے آپ کا نام رہتی دنیا تک قابل رشک و تقلید نمونہ کے طور پر زندہ اور قائم و دائم رہے گا۔اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائے۔آمین اللهم آمین۔