حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی ؓ — Page 2
1 پیش لفظ امام الزمان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک عاشق صادق ساتھی، فرمانبردار وجود حضرت مولانا غلام رسول صاحب را جیلی نے لڑکپن میں قبول احمدیت کا شرف حاصل کیا۔آپ نے دین حق کی اشاعت اور ملک ہند میں موجود احمدی جماعتوں کی تربیت میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔اللہ تعالیٰ کے کام میں نہ بیماری کی پرواہ کی اور نہ کسی اور تکلیف کی۔جہاں موقعہ ملا ، جب وقت ملا آپ نے دین حق کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کا حق ادا کیا۔بلا شبہ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا ایک زندہ ثبوت تھے۔خود بھی انتہائی اعلیٰ درجہ کی خدمات سرانجام دیں اور بعد میں آنے والوں کیلئے بھی انتہائی اعلیٰ نمونہ چھوڑ گئے۔اللہ تعالیٰ آپ سے راضی ہو۔( آمین ) حضرت مولانا غلام رسول صاحب را جیکی سید نا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ممتاز اور پرانے رفقاء وا میں سے تھے اور جماعت کی صف اول کے ممتاز ترین فرد تھے۔آپ کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے معارف سے وافر حصہ عنایت فرمایا تھا اور آپ نے جماعت کے لئے اپنی زندگی وقف کر کے۔۔۔۔۔دین کی سربلندی کے لئے ساری عمر خدمات سرانجام دیں اور جماعت میں عزت و احترام کا خاص مقام حاصل کیا۔آپ کو اللہ تعالیٰ نے بزرگی کا خاص مقام عطا فرمایا تھا اور آپ کی دعاؤں کو اپنی جناب سے خاص قبولیت کا شرف بخشا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ آپ خلافت احمدیہ سے محبت و وفا اور اخلاص کے تعلق میں بھی بہت بڑھے ہوئے تھے۔آئیے اس کتاب کے چند صفحات میں ہم آپ کی عظیم الشان زندگی کے بعض پہلوؤں پر نظر ڈالیں اور ساتھ ساتھ دعا کریں کہ خدا تعالیٰ ہمیں آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تعلق باللہ ، خدمت دین ، خلافت احمدیہ سے اخلاص و وفا کے تعلق اور دیگر نیکیوں کے اعلیٰ معیار قائم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین