حیات طیبہ

by Other Authors

Page 82 of 492

حیات طیبہ — Page 82

82 تیسرا باب اعلان بیعت تا توسیع مسجد مبارک اعلان بیعت یکم دسمبر ۱۸۸۸ء ہم پہلے ذکر کر چکے ہیں کہ مصلح موعود کی پیدائش سے قبل حضرت اقدس کے ہاں ایک لڑکا پیدا ہوا تھا جو بشیر اول کے نام سے مشہور ہے اور لوگوں کا یہ خیال تھا کہ پیشگوئی مصلح موعود کا مصداق یہی لڑکا ہے مگر جب وہ سوا سال کی عمر پا کر وفات پا گیا تو مخالفین کی طرف سے اعتراضات کئے گئے۔تب اللہ تعالیٰ کی حکمت بالغہ نے یہ ارادہ کیا کہ آپ سے بیعت کا اعلان کرائے۔چنانچہ آپ نے یکم دسمبر ۱۸۸۸ء کو جو اشتہار بشیر اول کی وفات پر شائع فرمایا اس کے آخر میں تبلیغ “ کے عنوان سے تحریر فرمایا کہ: میں اس جگہ ایک اور پیغام بھی خلق اللہ کو عموما اور اپنے بھائی مسلمانوں کو خصوصا پہنچاتا ہوں کہ مجھے حکم دیا گیا ہے کہ جو لوگ حق کے طالب ہیں وہ سچا ایمان اور سچی ایمانی پاکیزگی اور محبت مولی کا راہ سیکھنے کے لئے اور گندی زیست اور کاہلانہ اور غذارانہ زندگی کو چھوڑنے کے لئے مجھ سے بیعت کریں پس جو لوگ اپنے نفسوں میں کسی قدر یہ طاقت پاتے ہیں۔انہیں لازم ہے کہ میری طرف آویں کہ میں ان کا غمخوار ہوں گا اور ان کا بار ہلکا کرنے کے لئے کوشش کروں گا اور خدا تعالیٰ میری دُعا اور میری توجہ میں ان کے لئے برکت دے گا۔بشرطیکہ وہ ربانی شرائط پر چلنے کے لئے بدل و جان تیار ہوں۔یہ ربانی حکم ہے جو آج میں نے پہنچادیا ہے اس بارہ میں عربی الہام یہ ہے اِذا عَزَمْتَ فَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ ۖ وَاصْنَعِ الْفُلْكَ بِأَعْيُنِنَا وَوَحْيِنَا الَّذِينَ يُبَايِعُونَكَ إنَّمَا يُبَايِعُونَ اللهَ يَدُ اللهِ فَوْقَ أَيْدِيهِمُ۔وَالسَّلَامُ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى “ المبلغ خاکسار یکم دسمبر ۱۸۸۸ء غلام احمد عفی عنہ