حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد پنجم حصہ دوم) — Page iii
نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ عرض ناشر حضرت امام الزمان مسیح موعود و مہدی معہود علیہ الصلوۃ والسلام کے سوانح پر مشتمل حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی کی تصنیف منیف حیات احمد کی جلد پنجم کا حصہ دوم طبع ہو کر آپ کے لئے دست یاب ہے۔اس میں حضور علیہ السلام کے سال ۱۹۰۱ء اور ۱۹۰۲ء کے واقعات درج ہیں۔محترم عرفانی صاحب نے اکثر حالات و واقعات خود اپنی آنکھوں سے دیکھے اور پھر عینی شاہد کی حیثیت سے قلمبند کئے ان کی خواہش وارادہ تھا کہ حضور علیہ السلام کے زندگی کے واقعات کو مکمل کرنے کی سعادت پائیں مگر زندگی نے مہلت نہ دی اور ۱۹۰۲ء تک کے سوانح کی یہ جلد آخری ثابت ہوئی اور اس پر ہی یہ سلسلہ تالیف مختم ہوا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے واقعات و حالات کو جس کیفیت انگیز صورت میں مصنف ضبط تحریر میں لائے ہیں ہر واقعہ کا بیان پڑھتے ہوئے یوں احساس ہوتا ہے کہ قاری خود اس مجلس مبارک میں حاضر اور فیضیاب ہو رہا ہے اور وہ اپنے ذوق اور ظرف کے مطابق سیر و سیراب ہوتا ہے۔بسا اوقات ایسی وجدانی کیفیت جاری وساری ہوتی ہے اور غیر معمولی جذب واثر وارد حال ہوتا ہے کہ دل و دماغ ماحول سے فارغ و بے نیاز ہو جاتا ہے۔مامور زمانہ کے فرمودات اور سوانح و حالات کو بنظر غائر پڑھنا اور اس کی قوت قدسیہ سے فیضیاب ہونا ایک عظیم سعادت ہے اس برکت کے حصول کے لئے ہر دم کوشاں رہنا چاہیے۔