حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد پنجم حصہ اوّل)

by Other Authors

Page 320 of 522

حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد پنجم حصہ اوّل) — Page 320

حیات احمد ۳۲۰ جلد پنجم حصہ اول مولوی کرم دین مصدق کی صورت میں ۱۸۹۹ ء کے واقعات میں ایک عجیب واقعہ مولوی کرم الدین ساکن بھیس کا حضرت اقدس کے دعاوی کی تصدیق کی ابتدا ہے۔سلسلہ عالیہ احمدیہ کی تاریخ میں یہ عجیب واقعہ ہے کہ بعض لوگ ابتداء بڑے اخلاص کے ساتھ سلسلہ میں آئے اور انہوں نے تصدیق کی اور یہ تصدیق دلائل اور براہین کی شکل میں نہ تھی بلکہ انہوں نے اپنے مبشرات والہامات کی بناء پر کی تھی اور بعد میں اللہ تعالیٰ نے ان کی حقیقت نمایاں کر دی ان لوگوں میں میر عباس علی صاحب۔ڈاکٹر عبدالحکیم صاحب اور منشی الہی بخش اینڈ کو وغیرہ کے علاوہ مولوی کرم الدین ساکن بھیس بھی ہیں۔مولوی کرم الدین تحصیل چکوال ضلع جہلم کے ایک گاؤں بھیں کے رہنے والے تھے میں نے مولوی صاحب کو ان کے اپنے گھر میں بھی دیکھا ہے اور ان سے ایک وقت تو صرف غائبانہ تعلقات بہ سلسلہ ایک نامہ نگار سراج الاخبار جہلم تھے اور پھر ایک وقت آیا کہ ہم میدانِ جنگ میں ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہوئے۔یہ جنگ قانونی تھی اور اس جنگ میں وہ بُری طرح شکست کھا گئے۔اس لئے کہ اُس نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ السلام پر حملہ کیا اور میں تو خوش نصیب ہوں کہ اس حملہ میں میں بھی اس کا ہدف تھا یہ تفصیل تو اپنے موقعہ پر آئے گی اس موقعہ پر اس ذکر کی تقریب یہ ہے کہ انہوں نے حضرت اقدس کی صداقت میں کچھ رویا دیکھے تھے اور حضرت حکیم الامت مولانا نورالدین صاحب کی خدمت میں بغرض اشاعت روانہ کئے چنانچہ ایک رؤیا انہوں نے ۱۷ ستمبر ۱۸۹۹ء کو بغرض اشاعت حضرت حکیم الامت کی خدمت میں بھیجی جس کو میں نے الحکم ۱۷ دسمبر ۱۸۹۹ء میں شائع کر دیا اس رویا کو یہاں اس لئے درج کرتا ہوں تا کہ قارئین کرام اس سے عبرت حاصل کریں۔