حیات شمس

by Other Authors

Page 177 of 748

حیات شمس — Page 177

۔خالد احمدیت حضرت مولا نا جلال الدین شمس 177 اب کس طرح کر لو گے۔انہوں نے کہا پادریوں کے متعلق مشکلات تھیں مگر اب کر لیں گے۔بات یہ ہے کہ پادری ایک تو مالدار ہونے کی وجہ سے اپنی حفاظت کیلئے بہت کچھ سامان کر سکتے ہیں۔پھر پادری فرانسیسی ہیں ان کو مارنے کی وجہ سے یہ ڈر تھا کہ گورنمنٹ ناراض ہو جائے گی اور انتقام لے گی اس وجہ سے پادریوں پر ہاتھ نہ اٹھا سکے۔غرض مولوی جلال الدین صاحب کی پچھلی رپورٹوں سے معلوم ہورہا تھا کہ مولویوں کی طرف سے ان پر قاتلانہ حملہ کی تجویز ہو رہی ہے۔دوسرا تار پاڈانگ علاقہ سماٹرا سے آیا ہے۔مولوی رحمت علی صاحب مولوی فاضل و ہاں تبلیغ کیلئے بھیجے گئے ہیں۔وہاں ایک بہت بڑا مباحثہ قرار پایا ہے جو آج یا کل سے شروع ہو گا۔کئی سوعلماء سارے علاقہ سے اکٹھے ہوئے ہیں۔خدا کے فضل سے وہاں جماعت قائم ہوگئی ہے۔کئی بارسوخ اور مالدار لوگ داخل ہو چکے ہیں۔جب مولویوں نے دیکھا کہ جماعت مضبوط ہو رہی ہے تو پہلے انہوں نے یہ کوشش کی کہ گورنمنٹ کو احمدیوں سے بدظن کریں اس کیلئے انہوں نے احمدیوں پر گورنمنٹ کے باغی ہونے کا الزام لگایا اور کہا انہیں اس ملک میں رہنے کی اجازت نہیں ملنی چاہئے مگر گورنمنٹ نے ان باتوں کی طرف توجہ نہ کی۔اب انہوں نے بہت بڑے مباحثہ کا انتظام کیا ہے۔مولوی رحمت علی صاحب وہاں اکیلے ہیں اور مولوی کئی سو جمع ہوں گے اس لئے مولوی صاحب کی کامیابی کیلئے خاص طور پر دعا کرنی چاہئے۔وہ علاقہ ایسا ہے جہاں احمدیت کی ترقی کیلئے بہت کچھ گنجائش ہے۔چار کروڑ مسلمان ہیں جو اس بات کیلئے تڑپ رکھتے ہیں کہ صداقت معلوم کریں۔یہی وجہ ہے کہ وہاں بہت جلد ترقی ہوئی ہے اور کئی ایسے لوگ داخل سلسلہ ہوئے ہیں جو سلسلہ کی مالی مدد بھی کرنے والے ہیں۔ان دونوں باتوں کے لئے احباب دعا کریں۔ایک یہ کہ خدا تعالیٰ مولوی جلال الدین صاحب کو شفا دے اور آئندہ محفوظ رکھے دوسرے مولوی رحمت علی صاحب سے جو مباحثہ ہونے والا ہے اس میں خدا غلبہ عطا کرے۔“ اس کے بعد حضور مسجد کے محراب میں قبلہ رو ہو کر بیٹھ گئے اور تمام مجمع قبلہ رو ہو گیا اور دعا کی گئی جو پندرہ منٹ تک جاری رہی۔خدا تعالیٰ قبول فرمائے اور ہمارے مبلغین کو اپنے حفظ وامان میں رکھے۔الفضل قادیان 2 جنوری 1928ء) آمین۔