ہستی باری تعالیٰ

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 97 of 290

ہستی باری تعالیٰ — Page 97

۹۷ کے چند روز ہی پہلے ان کے والد اور والدہ قادیان بغرض ملاقات آئے تھے۔میں نے ان کو دیکھا کہ وہ بہت ہی ضعیف تھے۔جس وقت میں نے یہ خبر سنی میری آنکھوں کے سامنے ان کے ضعف کا نقشہ کھینچ گیا اور ساتھ ہی یہ خیال گزرا کہ ڈاکٹر صاحب ان کے اکلوتے بیٹے ہیں ( گو بعد میں معلوم ہوا کہ ان کے اور بھی بیٹے تھے ) اور میرے دل کو اس غم کا خیال کر کے جو اُن کو پہنچا ہو گا سخت تکلیف ہوئی اور بار بار میرے دل میں یہ خیال پیدا ہونے لگا کہ کاش وہ نہ مرے ہوں۔گو بظاہر یہ خیال بیوقوفی کا ہومگر میں سمجھتا ہوں الہی تحریک کے ماتحت اور دعا کرانے کی غرض سے تھا۔خیر جب میں رات کو سو یا تو میں نے خواب میں دیکھا کہ تین دن ہوئے ہیں کہ وہ زندہ ہو گئے ہیں۔میں نے دوسرے دن کھانے کے وقت اپنے بعض عزیزوں کو یہ خواب سنائی میرے چھوٹے بھائی نے کہ جن کی ڈاکٹر صاحب کے ایک رشتہ کے بھائی سے دوستی تھی اور جو قادیان میں رہتے ہیں۔اس خواب کا ذکر کر دیا۔انہوں نے اپنے گھر اطلاع کر دی اس کے جواب میں ان کو خط ملا کہ ان کی خواب پوری ہو گئی ہے۔عراق سے اطلاع آ گئی ہے کہ ان کی موت کے متعلق غلطی لگی تھی ان کو بدھ پکڑ کر لے گئے تھے اور غلطی سے یہ خیال کر لیا گیا کہ وہ مارے گئے ہیں لیکن بعد میں ایک موقع ملنے پر وہ بھاگ کر خیریت سے واپس آگئے ہیں۔اس قسم کا ایک اور ذاتی تجربہ میں بیان کرتا ہوں۔گزشتہ سال کے سفر کشمیر میں میں نے دیکھا کہ ایروپلین AEROPLANE کے ذریعہ میرے پاس ایک خط آیا ہے۔میں نے یہ خواب دوستوں کو سنائی اور پھر خود بھول گیا۔چند ہی دن بعد ایک خط آیا جس پر لکھا تھا BY AIRFORCE اور اسے دیکھ کر میاں عبد السلام صاحب حضرت خلیفہ اول کے صاحبزادے نے وہ رؤیا یاد دلائی۔