فتاویٰ حضرت مسیح موعود علیہ السلام — Page 46
فتاویٰ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام 46 {(۵۹) لڑکوں کو نماز میں سب سے پیچھے کھڑا کرنے کی وجہ } لڑکوں کونماز میں سب سے پیچھے کھڑے ہونے کا حکم اس وجہ سے ہے کہ ایسا نہ ہوکسی کی ہوا خارج ہونے پر یا کسی اور امر پر ہنس پڑیں تو دوسروں کی نماز بھی خراب ہو۔دیکھو کیسی نیکی ہے کہ ایک دفعہ حضرت عمر نماز پڑھ رہے تھے کہ کسی کی ہوا خارج ہو گئی اور بدبو کی وجہ سے اس کا پتہ لگ گیا۔اب انہوں نے دیکھا کہ ایسا نہ ہو کہ وہ شخص شرم سے وضو نہ کرے اور گناہ کا مرتکب ہو جائے۔نماز توڑ دی اور کہا کہ آؤ وضو دوبارہ ہم سب کریں کیونکہ وضو تو وہی ہے۔دوسری دفعہ وضو کر نے سے نور علی نور ہو جائے گا۔اس سے یہ نہیں ثابت ہوا کہ ہمیشہ اس طرح کیا جائے بلکہ یہ ایک موقع تھا جو کس خوش اسلوبی سے پورا کیا گیا۔{ ( فتاوی احمد یه صفحه ۴۲ ) ( یہ اقتباس تا حال اصل ماخذ سے نہیں مل سکا )} (۶۰) با جماعت نماز میں زیادہ ثواب کی وجہ و حقیقت جماعت و وجه تسویه صفوف جماعت فرمایا:۔"نماز میں جو جماعت کا زیادہ ثواب رکھا ہے اس میں یہی غرض ہے کہ وحدت پیدا ہوتی ہے اور پھر اس وحدت کو عملی رنگ میں لانے کی یہاں تک ہدایت اور تاکید ہے کہ باہم پاؤں بھی مساوی ہوں اور صف سیدھی ہو اور ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہوں۔اس سے مطلب یہ ہے کہ گویا ایک ہی انسان کا حکم رکھیں اور ایک کے انوار دوسرے میں سرایت کر سکیں۔وہ تمیز جس سے خودی اور خود غرضی پیدا ہوتی ہے نہ رہے۔یہ خوب یاد رکھو کہ انسان میں یہ قوت ہے کہ وہ دوسرے کے انوار کو جذب کرتا ہے۔پھر اسی وحدت کیلئے حکم ہے کہ روزانہ نمازیں محلہ کی مسجد میں اور ہفتہ کے بعد شہر کی مسجد میں اور پھر سال کے بعد عید گاہ میں جمع ہوں۔اور کل زمین کے مسلمان سال میں ایک مرتبہ بیت اللہ میں اکٹھے ہوں۔ان تمام احکام کی غرض وہی وحدت ہے۔" الحکم نمبر 37 جلد 10 مؤرخہ 24 اکتوبر 1906 صفحه (3)