دعائیہ سیٹ — Page 4
پیش لفظ محترم میاں محمد یامین صاحب تاجر کتب آف قادیان (خاکسار کے دادا جان) نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت تحریری طور پر کرنے کے بعد اپنے آبائی وطن سہارنپور سے مخالفت کی وجہ سے قادیان ہجرت کر لی۔حضرت خلیفہ اسیح الاوّل کے ارشاد مبارک پر آپ نے کتب لکھنے اور چھاپنے کا کاروبار شروع کر دیا۔اور پھر جماعتی لٹریچر میں بے بہا کتب کا اضافہ کیا۔اس زمانہ میں مختلف دعاؤں پر مشتمل سیٹ کی بہت ضرورت سمجھی جارہی تھی چنانچہ آپ نے اس ضرورت کو پورا کیا اور 1918ء میں دعائیہ سیٹ کی صورت میں آٹھ کتب شائع کیں۔آپ کی وفات (1965ء) کے بعد آپ کے بیٹے محترم حافظ مبین الحق شمس صاحب ( خاکسار کے ابا جان ) نے اس کام کو آگے بڑھایا۔ان کی وفات کے بعد چند دفعہ دعائیہ سیٹ طبع ہوا لیکن مسلسل جاری نہ رہ سکا اور اس کی طرز پر کئی اور دعاؤں کی کتب منظر عام پر آگئیں لیکن ان کے باوجود محمد یا مین صاحب والے دعائیہ سیٹ کی کمی پوری نہ ہوسکی اور مطالبہ بڑھتا ہی چلا گیا۔اب اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ اس دعائیہ سیٹ کو اسی انداز سے لیکن جدید دور کو مدنظر رکھتے ہوئے شائع کیا جا رہا ہے۔نئے حوالے شامل کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں موجود تقریباً تمام حوالہ جات کو از سر نو چیک کیا گیا ہے اور اصل ماخذ سے مکمل حوالہ دیا گیا ہے۔جو پہلے غلطیاں رہ گئی تھیں ان کو بھی ٹھیک کیا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو زیادہ سے زیادہ دعائیں کرنے اور خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین فخر الحق شمس