دینیات کی پہلی کتاب

by Other Authors

Page 18 of 134

دینیات کی پہلی کتاب — Page 18

بولنے ،سُننے اور دیکھنے کی طرح نہیں۔وہ بولنے کے لئے زبان کا محتاج نہیں۔اور سننے کے لئے کان کا محتاج نہیں۔اور دیکھنے کے لئے آنکھ کا محتاج نہیں۔وہ صفائی کو بہت پسند کرتا ہے۔اور گندگی کو نا پسند کرتا ہے۔جو شخص دوسروں سے لڑے۔انہیں گالیاں نکالے۔ناحق دُکھ دے۔اس سے وہ سخت ناراض ہوتا ہے۔اور اسی طرح جو شخص دوساتھیوں میں یا دو بھائیوں یا دوہمسایوں میں یا دو دوستوں میں لڑائی یا فساد ڈلوائے۔اُس سے بھی وہ ناراض ہوتا ہے۔سچ بولنے والا اس کو بہت پیارا ہے۔اور جھوٹ بولنے والا اس کی سزا کا مستحق ہے۔وہ ہر ایک عیب۔کمی اور بُرائی سے پاک ہے۔اور جس قدر بھی خوبی کی باتیں ہو سکتی ہیں وہ سب اس میں پائی جاتی ہیں۔وہ چاہتا ہے کہ اُس کے بندے اُس کی صفات کا علم حاصل کریں۔اور ان صفات کو اپنے اندر پیدا کریں۔اسی غرض کے لئے اُس نے انسان کو پیدا کیا ہے۔اپنی صفات کا علم دینے کے لئے وہ اپنے نبیوں اور رسولوں کو تعلیم دے کر لوگوں کی طرف بھیجتا ہے۔تا کہ وہ نیک بن جائیں۔وہ چاہتا ہے کہ لوگ اس کی تعریف کریں۔اس کی عبادت و پرستش کریں۔اُسی سے اپنے لئے سب کچھ مانگیں۔اور جو کچھ وہ مانگتے ہیں اگر اس کا دینا ان کے حق میں اچھا ہو تو وہ دیتا ہے۔ورنہ جو اُن کے لئے اچھی چیز ہوتی ہے وہ اُن کو دے دیتا ہے۔اُس نے تمام نیک انسانوں کے لئے ایک جگہ بنائی ہے جس میں آرام راحت اور خوشی کے تمام سامان پیدا کئے ہیں۔اس کو جنت کہتے ہیں۔وہ اپنے جس بندے کے کاموں سے خوش ہوتا ہے اس کی وفات کے بعد اس کو اپنی جنت میں داخل کرتا ہے۔اور پھر اُسے وہاں سے نہیں نکالتا۔