دیباچہ تفسیر القرآن

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 405 of 526

دیباچہ تفسیر القرآن — Page 405

کم عقلوں کے ساتھ محبت کا سلوک کم عقلوں کے ساتھ آپ نہایت ہی محبت اور شفقت کا سلوک کرتے تھے۔ایک دفعہ ایک اعرابی نیا نیا اِسلام لایا اور آپ کی مسجد میں بیٹھے بیٹھے اُسے پیشاب کی حاجت محسوس ہوئی وہ اُٹھ کر مسجد کے ایک کونہ میں ہی پیشاب کرنے لگا۔صحابہؓ اُس کو منع کرنے لگے تو آپ نے اُنہیں روک دیا اور فرمایا کہ اِس سے اُس کو ضرر پہنچ جائے گا تم ایسا نہ کرو جب یہ پیشاب کر چکے تو یہاں پانی ڈال کر اِس جگہ کو دھو دینا۔۵۲۸؎ وفائے عہد وفائے عہد کا آپ کو اِس قدر خیال تھا کہ ایک دفعہ ایک حکومت کا ایک ایلچی آپ کے پاس کوئی پیغام لے کر آیا اور آپ کی صحبت میں کچھ دن رہ کر اِسلام کی سچائی کا قائل ہو گیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اِس نے عرض کیا کہ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ! میں تو دل سے مسلمان ہو چکا ہوں میں اپنے اِسلام کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ مناسب نہیں تم اپنی حکومت کی طرف سے ایک امتیازی عہدہ پر مقرر ہو کر آئے ہو اِسی حالت میں واپس جائو اور وہاں جا کر اگر تمہارے دل میں اِسلام کی محبت پھر بھی قائم رہے تو دوبارہ آکر اِسلام قبول کرو۔۵۲۹؎ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا مضمون کوئی ایسا مضمون نہیں جس کو صرف چند صفحوں میں ختم کیا جا سکے یا جس کا صرف چند پہلوئوں سے اندازہ لگایا جائے مگر چونکہ نہ یہ سیرت کی ایک مستقل کتاب ہے اور نہ اِس دیباچہ میں لمبی بات کی گنجائش ہو سکتی ہے اِس لئے میں اتنے پر ہی اکتفاء کرتا ہوں۔