دعوت الامیر — Page 151
(101) چوتھی دلیل غلبہ اسلام برادیان باطله دعوة الامير چوتھی دلیل یا یوں کہنا چاہئے کہ چوتھی قسم کے دلائل آپ کی صداقت کے ثبوت میں یہ ہیں کہ آپ کے ہاتھ پر اللہ تعالیٰ نے اس عظیم الشان پیشگوئی کو پورا کیا ہے جسے قرآن کریم میں مسیح موعود کا خاص کام قرار دیا گیا ہے یعنی آپ کے ہاتھ پر اللہ تعالیٰ نے اسلام کو دیگر ادیان پر غالب کر کے دکھایا۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُوْلَهُ بِالْهُدَى وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّه (التوبه: ۳۳) خدا ہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دین حق دیکر بھیجا ہے تا کہ اللہ تعالیٰ اس دین کو باقی تمام ادیان پر غالب کر کے دکھائے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بات زمانہ مسیح موعود میں ہوگی، کیونکہ فتنہ دجال کے توڑنے اور یا جوج ماجوج کی ہلاکت اور مسیحیت کے مٹانے کا کام آپ نے مسیح کے ہی سپرد بیان فرمایا ہے اور یہ فتنے تمام فتنوں سے بڑے بتائے گئے ہیں اور یہ بھی خبر دی گئی ہے کہ دجال یعنی مسیحیت کے حامی اس وقت سب ادیان پر غالب آجائیں گے، پس ان پر غالب ہونے سے صاف ظاہر ہے کہ دیگر ادیان پر بھی اسلام کو غلبہ حاصل ہو جائے گا۔پس معلوم ہوا کہ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلّہ سے مراد مسیح موعود کا ہی زمانہ ہے اور یہ استنباط ایسا ہے کہ قریباً تمام مسلمانوں کو اس سے اتفاق ہے۔چنانچہ تفسیر جامع البیان کی جلد ۲۸ میں اس آیت کی تفسیر میں لکھا ہے کہ وَ ذَلِكَ عِنْدَ نُزُوْلِ عِيْسَى ابْنِ مَرْيَمَ ( تفسیر جامع البیان مؤلف ابی جعفر محمد بن جریر الطبری المتوفی ۳۱۰ھ جلد ۲۸ صفحه ۵۸ مطبوعہ مصر ۱۳۲۹ھ )