بنیادی مسائل کے جوابات

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 421 of 684

بنیادی مسائل کے جوابات — Page 421

غیر احمدی سے شادی کرنا سوال: ایک جماعتی عہدیدار نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں احمدی لڑکیوں کو غیر احمدی اور غیر مسلم مردوں سے شادی کی اجازت ملنے پر فکر مندی اور پریشانی کا اظہار کر کے اس بارہ میں رہنمائی چاہی۔جس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے مکتوب مؤرخہ 29 فروری 2020ء میں اس بارہ میں درج ذیل ہدایات سے نوازا۔حضور نے فرمایا: جواب: اسلام کے بعض احکامات انتظامی نوعیت کے ہیں جن میں خدا تعالیٰ نے عامتہ المسلمین کو تو ان میں کسی قسم کی تبدیلی کا اختیار نہیں دیا لیکن اپنے نبی اور اس کی نیابت میں خلفاء کو ان میں تبدیلی کرنے اور حالات کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے۔میرے نزدیک مسلمان مرد اور عورت کا غیر مسلموں کے ساتھ نکاح کا معاملہ بھی اسی قسم کے انتظامی معاملات میں سے ہے۔پس احمدی مرد ہو یا عورت اس کا کسی غیر احمدی یا غیر مسلم سے نکاح کی اجازت کا معاملہ خلیفہ وقت کی صوابدید پر ہے، کسی اور کے پاس اس کا اختیار نہیں۔خلیفہ وقت ہر کیس میں حالات کے مطابق فیصلہ کرتا ہے۔لہذا جب میرے سے اجازت کے لئے رابطہ کیا جاتا ہے تو آپ کا کام ہے کہ آپ اپنی رائے کے ساتھ مجھے رپورٹ بھجوائیں۔آپ لوگوں کا اس سے زیادہ کام نہیں ہے۔(قسط نمبر 22، الفضل انٹر نیشنل 05 نومبر 2021ء صفحہ 11) 421