اَلذِّکْرُ الْمَحْفُوْظ

by Other Authors

Page 209 of 428

اَلذِّکْرُ الْمَحْفُوْظ — Page 209

قرآن کریم میں تحریف کے الزامات کے جواب 209 ایک ترتیب تو وہ تھی جو ابتدائی مسلمانوں کے لحاظ سے اُن کے مناسب حال تھی اور ایک ترتیب وہ تھی جو آئندہ آنے والے مسلمانوں کے لحاظ سے جب قرآن مکمل ہو چکا تھا مناسب حال تھی۔اسی لیے اللہ تعالیٰ نے اس سورۃ میں صرف اقرا کہا۔اقرأ الکتاب نہیں کہا کیونکہ جس وقت اللہ تعالی نے اقرأ فرمایا اُس وقت کوئی کتاب موجود نہیں تھی مگر جب سورۃ بقرۃ نازل ہوئی تو اُس وقت تک کتاب نازل ہو چکی تھی اور بہت سی سورتیں مکہ مکرمہ میں پوری مکمل ہو چکی تھیں۔۔۔پس اس وقت ذلِكَ الْكِتَابُ کہنا بالکل درست تھا اور لوگوں کو سمجھ آسکتا تھا۔اس ترتیب کی دنیوی مثال یوں سمجھ لو کہ جیسے کھانا پکانے کے لیے باورچی کام شروع کرتے ہیں تو بعض دفعہ کھانے کی ترتیب کے لحاظ سے ایک چیز بعد میں آتی ہے لیکن پکانے کے لحاظ سے باورچی اس کو پہلے پکاتا ہے اور کوئی چیز کھانے میں پہلے آتی ہے لیکن وہ اس کو بعد میں پکاتا ہے اور اگر کوئی اعتراض کرے کہ یہ چیز جو پہلے کھائی تھی تم نے بعد میں کیوں پکائی تو وہ جواب دے گا کہ یہ کھانی بے شک پہلے تھی لیکن اس کے پکانے میں پندرہ منٹ لگتے ہیں۔اگر اسے پہلے ہی پکا لیا جاتا تو اس وقت تک یہ خراب اور باسی ہو جاتی اور جو چیز بعد میں کھلائی تھی بے شک وہ کھانی بعد میں تھی مگر اس کے پکانے میں اڑھائی تین گھنٹے لگتے ہیں۔اگر اس کو پہلے نہ پکایا جاتا تو وہ بچی رہتی۔پس اس کی ترتیب حکمت کے ماتحت ہوتی ہے۔پکانے کی اور ترتیب ہوتی ہے اور کھانے کی اور ترتیب ہوتی ہے۔جب وہ پکاتا ہے تو اس امر کو نہیں دیکھتا کہ پہلے کون سی چیز کھانی ہے بلکہ وہ یہ دیکھتا ہے کہ جلدی کون سی چیز پکے گی۔جو جلدی پک جاتی ہے اُسے وہ بعد میں تیار کر لیتا ہے اور جو دیر میں پکتی ہے اُسے وہ پہلے تیار کرنا شروع کرتا ہے۔جو چیز دیر میں پکتی ہے اگر وہ اُسے دیر سے چڑھائے گا تو کھاتے وقت وہ چیز کچھی ہوگی۔پس وہ دیر سے پکنے والی چیز کو چولہے پر پہلے رکھ لے گا خواہ وہ آخر میں کھائی جانے والی ہو اور جلدی پکنے والی چیز کو بعد میں تیار کر لے گا خواہ وہ پہلے کھائی جانے والی ہو۔اس مثال سے ظاہر ہے کہ بعض چیزوں کی استعمال میں ترتیب اور ہوتی ہے اور ان کی تیاری میں اور ترتیب ہوتی ہے۔یہی طریق دنیا کے ہر کام میں نظر آتا ہے۔حکومتیں فوجیں تیار کرتی ہیں، ملک کی تنظیم کرتی ہیں، لوگوں کو تعلیم دلاتی ہیں، اُن کو مختلف فنون سکھلاتی ہیں تو بعض لوگ جنہوں نے پیچھے کام کرنا ہوتا ہے اُن کی تیاری پہلے شروع کر دیتے ہیں اور بعض لوگ جنہوں نے پہلے کام کرنا ہوتا ہے اُن کی تیاری بعد میں ہوتی ہے۔مثلاً کسی کام کی ٹریننگ چھ ماہ میں مکمل ہو جاتی ہے اور کسی کام کی ٹریننگ میں چارسال صرف ہوتے ہیں۔اب خواہ ایک ہی