انوارالعلوم (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 173 of 703

انوارالعلوم (جلد 9) — Page 173

۱۷۳ کی ہو تو اُسے تلاش کروں۔حضرت خلیفۃ المسیح اوّل رضی اللہ عنہ سے پوچھا تو آپ نے فرمایا۔انکی اِس نام کی تو کوئی کتاب نہیں۔البتہ غنیہ الطالبین نام کی کتاب ہے۔پھر معلوم ہوا کہ اِس نام کی کسی اور کی کتاب بھی نہیں ہے۔پھر خیال آیا کہ ممکن ہے کہ کسی وقت مجھے ہی اس نام کی کتاب لکھنے کی توفیق ملے۔اور عبد القادر سے مراد یہ ہو کہ اس میں جو کچھ لکھا جائے وہ میرے دماغ کا نتیجہ نہ ہو بلکہ خدا تعالیٰ کی سمجھائی ہوئی باتیں ہوں اس وجہ سے مَیں نے اس مضمون کا نام منہاج الطالبین رکھا ہے۔اس مضمون کے جن حصّوں کا تعلق عرفان الٰہی اور مسئلہ نجات سے ہے ان میں سے بعض کو توچھوڑ دوں گا اور جن کا تسلسل مضمون کے لئے ذکر کرنا ضروری ہوگا ان کو مختصراً بیان کروں گا۔اور اصل بات تو یہ ہے کہ پہلے اس مضمون کے علمی پہلو بیان ہوئے۔اب مَیں عملی پہلو بیان کرونگا۔اس ضروری اور اہم مسئلہ پر غور کرتے ہوئے ہم دیکھتے ہیں کہ انسانی پیدائش کی غرض کیا ہے۔وہ خدا تعالیٰ نے خود بیان کر دی ہے۔فرماتا ہے مَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْن کہ ہم نے انسان کو ایک ہی کام کے لئے پیدا کیا ہے اور وہ یہ کہ عبد بن جائے۔عبودیت کے معنے عربی میں تذلل کے ہیں اور تذلل کا یہ مفہوم ہے کہ جو دوسرے کا نقش قبول کرے۔تو عبد کے معنے ہیں حکومت تسلیم کر لینا۔نقش تسلیم کر لینا، اور خدا تعالیٰ فرماتا ہے سوائے اس غرض کے انسان کو اور کسی غرض کے لئے نہیں پیدا کیا گیا کہ میرے نقش کو قبول کرے۔جب انسان کی زندگی کا یہ مقصد ہے تو ہم اس وقت تک اسے پورا نہیں کر سکتے جب تک خدا تعالیٰ کی صفات کو اپنے اندر جذب نہ کر لیں۔خدا تعالیٰ نے انبیاء کو بھی اس غرض کے لئے بھیجا۔چنانچہ فرماتا ہے: رَبَّنَا وَابْعَثْ فِیْھِمْ رَسُوْلًا مِّنْھُمْ یَتْلُوْا عَلَیْھِمْ اٰیٰتِکَ وَیُعَلِّمُھُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَۃَ وَیُذَکِّیْھِمْ اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْحِکِیْمُ ( (البقرۃ-۱۳۰) حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام دُعا فرماتے ہیں۔اے ہمارے ربّ ان میں ایسا رسول بھیجیؤ جو ان میں تیری آیات پڑھے۔انہیں شریعت سکھائے، حکمت بتائے اور پاک کرے تو غالب اور حکمت والا ہے۔اس سے معلوم ہوا کہ رسول کی یہ غرض ہوتی ہے کہ ایمان مضبوط کرے۔علم کو مضبوط کرے۔شریعت سکھائے اور حکمت سکھائے، یعنی علم کے بعد عمل سکھائے۔اور اس طرح پاک کرکے خدا