انوارالعلوم (جلد 8) — Page 329
۳۲۹ نے دیکھا کہ معاً ایک غنودگی کی حالت مجھ پر طاری ہوئی اور ایک پیاس بجھانے والی چیز میرے منہ میں ڈالی گئی۔یہ کیفیت ایک سیکنڈ کی تھی اس کے بعد وہ حالت بدل گئی اور میں نے دیکھا کہ وہ پیاس کی حالت بالکل جاتی رہی اور یوں معلوم ہوا کہ جس طرح خوب پانی پی لیا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایسے بہت سے تجربات لکھتے ہیں حتیٰ کہ آپ نے عین بیداری میں روحانی جسم کے ساتھ حضرت مسیح ناصری کو دیکھا ہے اور بہت دیر تک ان سے مسیحیت کی خرابیوں اور ان کی اصلاح کے متعلق گفتگوئیں کی ہیں اور ایک دفعہ تو آپ نے ان کے ساتھ مل کر کھانا بھی کھایا ہے۔اب یہ باتیں ان لوگوں کے لئےجو ان علوم سے واقف نہیں ایک وہم اور دماغ کی خرابی سے زیادہ حقیقت نہیں رکھتیں مگر جو لوگ صاحب تجربہ ہیں اور روحانی علوم کے ماہر ہیں وہ ان کیفیتوں کو خوب اچھی طرح سمجھتے ہیں۔یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ میری مراد روحانی علوم سے اس جگہ دماغی کیفیات نہیں ہیں جو مسمریزم وغیرہ کے ذریعہ سے ظاہر ہوتی ہیں۔وہ بالکل الگ چیز ہیں اور ان کا روحانی حالتوں سے کچھ تعلق نہیں ہے روحانی حالتوں کی کیفیات ہی اور ہیں۔غرض یہ کہ خواب کا عالم اور کشف کا عالم، عالم اخروی کے لئے بطور مثال کے ہے اور اس پر انسان اس عالم کا قیاس کر سکتا ہے جس طرح خواب میں سب چیزیں روحانی ہوتی ہیں مگر پھر ایک جسم بھی رکھتی ہیں اسی طرح اگلے جہاں میں ہو گا کہ وہاں کی چیزیں جسم تو رکھیں گی لیکن وہ جسم روحانی ہو گا اور ان کے علاوہ ان سے اعلیٰ کیفیات خالص روحانی ہوں گی۔قرآن کریم اس واقعہ کی حقیقت یہ بیان کرتا ہے کہ اسی دنیا کے اعمال متمثل ہو کر وہاں انسان کے سامنے آئیں گے وہاں کا پانی نہیں ہو گا مگر اس دنیا کا عمل بر شریعت۔اور دودھ نہیں ہو گا مگر علم الٰہی جو اس دنیا میں حاصل کیا گیا تھا اور میوے نہیں ہوں گے مگر وہی لذت اور سرور جو خدا تعالیٰ کی اطاعت میں روح اس دنیا میں محسوس کرتی تھی۔چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہےکُلَّ إِنْسَانٍ أَلْزَمْنَاهُ طَائِرَهُ فِي عُنُقِهِ وَنُخْرِجُ لَهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ كِتَابًا يَلْقَاهُ مَنْشُورًا () اقْرَأْ كِتَابَكَ كَفَى بِنَفْسِكَ الْيَوْمَ عَلَيْكَ حَسِيبًا(بنی اسرائیل:14-15) ہر ایک انسان کے ساتھ اس کے عمل لگے چلے جاتے ہیں وہ کبھی اس سے جدا نہیں ہوتے گو ان کے اثرات مخفی ہوتے ہیں لیکن قیامت کے دن ہم ان اعمال کو اس طرح کر دیں گے گویا وہ ایک کتاب ہے جسے وہ کھول کر پڑھ رہا ہے یعنی اس وقت وہ اپنے اثرات کو ظاہر کر دیں گے اور ایک ایک عمل جو انسان نے اس دنیا میں کیا تھا وہ اپنا نتیجہ وہاں ظاہر کرے گا اور اس دنیا کی زندگی کو اپنے مطابق ڈھا لے گا۔پھر فرماتا